شیکسپیئر طرز کے پہلے فرانسیسی تھیٹر میں گرافیٹی

اس پر 60 لاکھ یورو کا خرچ آیا ہے

،تصویر کا ذریعہSTUDIO ANDREW TODD

،تصویر کا کیپشناس پر 60 لاکھ یورو کا خرچ آیا ہے

شیکسپیئر کے گلوب تھیٹر کی طرز پر تعمیر کیے جانے والے پہلے فرانسیسی تھیٹر کی عمارت کو باضابطہ افتتاح سے ایک ہفتہ قبل ’گرافیٹی‘ سے خراب کر دیا گیا ہے۔

کیلے کے جنوب میں واقع تھیٹر کی بیرونی دیوار پر ’غیر ذمہ دار سیاست دانوں شرم کرو‘ جیسے نعرے نارنجی رنگ سے لکھے گئے ہیں۔ اس عمارت کا تمام بیرونی حصہ لکڑی کا ہے۔

اس تھیٹر کے برطانوی ماہر تعمیرات اینڈریو ٹوڈ نے کہا ہے کہ یہ انتہائی دائیں بازو کے عناصر کی جانب سے ’سیاسی بنیاد پر کی گئی بےحرمتی ہے۔‘

اس عمارت کو سوشلسٹ پارٹی کے تحت کام کرنے والے شعبے پا دا کیلے نے 60 لاکھ یورو میں بنوایا ہے اور اس کے مخالفین اسے پیسے کا ضیاع قرار دیتے ہیں۔

ملکہ الزبتھ اول کے عہد کا عکاس تھیٹر کیلے کے 48 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے

،تصویر کا ذریعہSTUDIO ANDREW TODD

،تصویر کا کیپشنملکہ الزبتھ اول کے عہد کا عکاس تھیٹر کیلے کے 48 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے

اس عمارت کے باہر اور اس کے ساتھ والی عمارت شیٹو جی آرڈیلو کی دیواروں پر ’وارٹ‘ اور ’دا ڈیٹ‘ جیسے الفاظ لکھے ہوئے تھے۔

اینڈریو ٹوڈ نے کہا: ’یہ کسی نابالغوں کے ٹولے کی شرارت نہیں بلکہ بہت منظم بالغوں کا کام ہے جنھوں نے بہت ہوشیاری کے ساتھ وہ پیغامات لکھے ہیں جو انتہائی دائیں بازوں کے حلقوں میں گردش کرتے رہے ہیں۔‘

انھوں نے اس تخریب کاری اور تہذیب سوزی کو ’برطانیہ کے یورپی یونین کے ریفرینڈم سے قبل کے بخار زدہ ماحول‘ سے جوڑتے ہوئے کہا ’یہ تعمیر بنیادی طور پر فرانس اور برطانیہ کی آپسی سمجھ کا اوتار ہے اور رہے گا۔‘

400 نشستوں والا یہ آرڈیلو تھیٹر گلوب کی طرح کے ڈيزائن کا فرانس کا پہلا تھیٹر ہے اور معروف ہدایت کاروں نے اس اہم طرز نو کا استقبال کیا ہے۔