کرینہ کے برعکس سونم کچھ نہیں چھپاتیں

،تصویر کا ذریعہPHANTOM FILMS
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
انوراگ کشیپ کی فلم ’اُڑتا پنجاب‘ اس وقت سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے نرغے میں پھنسی ہوئی ہے۔ بورڈ نے انڈیا کی ریاست پنجاب میں منشیات کے مسائل پر مبنی اس فلم کا قلع قمع کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
٭ <link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2016/06/160611_bollywood_roundup_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
فلم میں 90 کٹس کے علاوہ فلم اور اس کے ٹائٹل سے پنجاب کا نام نکالنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی فلم کی ٹیم جس میں شاہد کپور اور عالیہ بھٹ بھی شامل ہیں، اس کے خلاف لڑ رہے ہیں اور انڈسٹری میں بھی فلم کے حق میں آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
انوراگ کشیپ نے اس فیصلے کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے، اب عدالت نے بورڈ سے ان کٹس کے بارے میں وضاحت طلب کی ہے۔
سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کے سربراہ پہلاج نہلانی کا کہنا ہے: ’اس فلم میں ریاست کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘
سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا: ’قانون میں سینسر کا لفظ کہیں نہیں ہے، آپ کا کام لوگوں کے سامنے فلم پیش کرنے کا سرٹیفیکیٹ جاری کرنا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
اب عدالت کا حتمی فیصلہ تو 13 جون کو آئے گا لیکن اس دوران سی بی ایف سی کے سربراہ پہلاج نہلانی اور فلمساز انوراگ کشیپ کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کے کئی دور چلے۔
یہاں مسئلہ یہ ہے کہ پنجاب میں بی جے پی کی حمایت والی حکومت ہے اور مجال ہے کہ پہلاج نہلانی مودی سرکار کو خوش کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے دیں، تو یہاں وہ کیسے چوک جاتے؟ پھر کیا تھا پہلاج نہلانی قینچی لے کر انوراگ کے پیچھے دوڑ پڑے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پہلاج نہلانی کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ پنجاب جہاں منشیات ایک بہت بڑا مسئلہ ہے یا پھر انڈیا کی نوجوان نسل کو یہ بتایا جانا چاہیے یا نہیں کہ منشیات ان کے لیے کتنا بڑا خطرہ ہے۔
وہ صرف اتنا جانتے ہیں کہ حال ہی میں بالی وڈ میں مودی سرکار کے قصیدے پڑھنے والوں کو کس طرح نوازا گیا۔ پیر کو عدالت کا فیصلہ جو بھی ہو لیکن پہلاج نہلانی نے اپنے لیے ایک قومی ایوارڈ ضرور پکا کر لیا ہے۔
کیا کرینہ کپور کچھ چھپا رہی ہیں!

ویسے اس فلم میں کرینہ کپور بھی نظر آئیں گی لیکن وہ خبروں میں فلم کی وجہ سے نہیں بلکہ ماں بننے کی افواہوں کے سبب ہیں۔
چند روز پہلے ہی کرینہ نے اپنے امید سے ہونے کی افواہوں پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’اگر خدا کی مرضی ہوئی تو ایسا ہوگا۔‘
آخر کار وہ بھی ایک عورت ہیں لیکن ابھی وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتیں۔ جب نامہ نگاروں نے ان سے مزید پوچھا کہ کیا ان کے حاملہ ہونے کی خبر غلط ہے تو کرینہ نے ایک بار پھر گول گول جواب دیا: ’آپ لوگ جس طرح اس بارے میں بات کر رہے ہیں اس سے مجھے خوشی ہو رہی ہے۔‘
اب پتہ نہیں اس جواب سے کیا مطلب لیا جائے، خوشخبری ہے بھی یا نہیں۔
سونم کپور کچھ نہیں چھپاتیں

،تصویر کا ذریعہReuters
کرینہ کپور کچھ چھپا رہی ہیں؟ یہ تو ابھی تک واضح نہیں ہو سکا لیکن بے باک اداکارہ سونم کپور کچھ نہیں چھپاتیں۔ اب معاملہ چاہے ان کی عمر کا ہی کیوں نہ ہو۔ جمعرات کو اپنی 31 ویں سالگرہ کے موقعے پر میڈیا کے سامنے سونم نے کھل کر کہا: ’مجھے اپنی عمر بتانے میں کوئی شرم نہیں ہے۔‘
فلم ’سانوریہ‘ سے رنبیر کپور کے ساتھ ڈیبیو کرنے والی اداکارہ سونم کپور کا کہنا تھا کہ انھیں ہمیشہ ہی ’اپنے جنم دن پر کام کرنا اچھا لگتا ہے۔‘
یہ سال سونم کے لیے بہت اچھا رہا۔ سلمان خان کے ساتھ فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ کی زبردست کامیابی کے بعد حال ہی میں ان کی فلم ’نیرجا‘ بھی کامیاب رہی اور فلم میں سونم کی اداکاری کو بھی بہت سراہا گیا۔
ہاؤس فل تھری کی کامیابی

،تصویر کا ذریعہSpice PR
گذشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’ہاؤس فل تھری‘ ایک ہفتے میں ہی باکس آفس پر 80 کروڑ سے زیادہ کما چکی ہے۔ فلم میں اس کے نام کی طرح ستاروں کی بھی بھرمار ہے جن میں اکشے کمار، رتیک دیش مکھ، ابھشیک بچن، جیکلین فرنانڈیز چنکی پانڈے وغیرہ شامل ہیں۔
فلم کی کامیابی پر پارٹی بھی ہوئی اور میڈیا کے ساتھ ملاقات بھی ایسی ہی ایک ملاقات میں جب فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیا والا سے پوچھا گیا کہ کیا اب ہاؤس فل فور بھی بنائیں گے تو انھوں نے فورا جواب دیا کہ کیوں نہیں یہ ایک بہترین فرنچائز ہے ضرور بنائیں گے۔
چلیں ساجد کے اس فرنچائز کے سبب کچھ اداکاروں کو کم از کم مستقل ملازمت کی ضمانت تو مل ہی جائے گی۔







