فلم میں بوسے کے عوض بیگم کو ڈیزائنر بیگ

عمران ہاشمی اپنی اہلیہ پروین کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنعمران ہاشمی اپنی اہلیہ پروین کے ساتھ
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

اداکار عمران ہاشمی کو بالی وڈ کا ’سیریئل کِسر‘ کہا جاتا ہے۔ انڈسٹری اور مداحوں تک تو ٹھیک ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس بارے میں خود ان کی بیگم پروین کا ردِ عمل کیا ہوتا ہے؟

٭ <link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2016/06/160604_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

عمران ہاشمی نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کی بیگم پروین فلموں میں ان کے بوس و کنار کے مناظر سے کافی ناراض رہتی ہیں لیکن مزے دار بات یہ ہے کہ عمران اپنی روٹھی بیگم کو منانے کے لیے بھی انوکھا انداز اپناتے ہیں۔

عمران فلموں میں کِسنگ مناظر کے بعد اپنی بیگم کو ہر بار ایک ڈیزائنر بیگ خرید کر دیتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی فلموں میں تو بے شمار بوسے ہوتے ہیں تو کتنے بیگ لے کر دیتے ہیں؟ اس پر عمران نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ہر فلم کے لیے ایک بیگ، کسنگ سین چاہے جتنے بھی ہوں۔

کیا بات ہے عمران آپ کو بڑی ’نیک پروین‘ بیگم ملی ہیں ویسے سودا گھاٹے کا نہیں ہے۔ لیکن دیگر صاحبان اس سٹنٹ کو گھر پر آزمانے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔

کرینہ کے ماں بننے پر خوش ہوں گے

کرینہ کپور کے والد نے کہا کہ وہ بہت خوش ہوں گے اگر یہ خبر صحیح ہو تو

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور کے والد نے کہا کہ وہ بہت خوش ہوں گے اگر یہ خبر صحیح ہو تو

بالی ووڈ میں ایک بار پھر افواہوں کا بازار کچھ زیادہ ہی گرم ہے۔ پہلے ایشوریہ رائے اور ابھشیک بچن کے درمیان اختلافات کی بات خبروں، ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پر گرم رہی۔

اور پھر فلم سربجیت کے پریمئیر کے موقعے پر ابھشیک کا ایشوریہ کو فوٹوگرافروں کے سامنے اچانک چھوڑ کر آگے بڑھ جانا سرخیوں کی زینت بنا رہا جس پر آخر کار ابھشیک کو خاموشی توڑنی پڑی۔

ابھشیک کا کہنا تھا کہ فلم ایشوریہ کی تھی اور فوٹو گرافر ان کی تنہا تصاویر لینا چاہتے تھے اس لیے وہ آگے بڑھ گئے، اس میں ناچاقی کہاں سے آئی؟

پھر ایشوریہ کے ایک بار پھر سے ماں بننے کی افواہوں پر انھوں نے حیرانی سے پوچھا کیا ’واقعی‘؟

ادھر شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کی طلاق کی خبریں بھی گردش میں تھیں جس پر راج کندرا نے ٹوئٹر پر آ کر لوگوں کو دھیمے انداز میں لتاڑا۔

ایک اور خبر اس وقت زوروں پر ہے اور وہ ہے کرینہ کپور کے امید سے ہونے کی افواہ۔ کرینہ کے والد سے جب یہ پوچھا گیا تو وہ بھی حیران ہوئے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ بہت خوش ہوں گے۔ اب سمجھ میں نہیں آتا کہ لوگ خواہش کو خبر بنانے کی کوششیں کیوں کرتے ہیں۔

اکشے اور چنکی پانڈے کا رشتہ

اکشے کمار، چنکی پانڈے اور ابھیشیک بچن ایک ساتھ

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناکشے کمار، چنکی پانڈے اور ابھیشیک بچن ایک ساتھ

اب اگلی خبر خواہش نہیں بلکہ ایک بڑی خبر جیسی لگتی ہے۔ جی ہاں! سپرسٹار اکشے کمار نے اپنی فلم ہاؤس فل تھری کے پروموشن کے دوران ایک بہت ہی عجیب و غریب بات بتائی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے والے چنکی پانڈے تقریباً تین دہائی قبل ایکٹنگ سکول میں ان کے انسٹرکٹر ہوا کرتے تھے اور اکشے کو نہ صرف پسند کرتے تھے بلکہ ان کے بہت بڑے فین تھے اور ہمیشہ ان کی آمد کے منتظر رہا کرتے تھے۔

چنکی اس زمانے میں بہت کامیاب اداکار تھے اور اکشے انھیں اپنا آئیڈیل سمجھتے تھے۔

لگتا ہے کہ اکشے کمار پر اپنی کامیڈی فلموں کے کردار اتنے حاوی ہو گئے کہ وہ اصل زندگی میں بھی پنچ مارنے سے باز نہیں آتے۔ چنکی پانڈے اکشے کے سینیئر ہیں یہ بات تو ٹھیک ہے لیکن انھیں آئیڈیل ماننا؟ بات ذرا ہضم نہیں ہوئی۔

امیتابھ اور جیا بچن کی تصویر

امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن ایک تقریب کے دوران

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن ایک تقریب کے دوران

اس ہفتے بالی وڈ کی افواہوں اور خبروں کے درمیان کچھ خوبصورت تصاویر بھی نظر سے گزریں جن میں سپر سٹار امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی کی 43 ویں سالگرہ کی تصاویر شامل تھیں۔

73 سالہ امیتابھ بچن نے تین جون 1973 کو اداکارہ جیا بچن سے شادی کی تھی۔

امیتابھ اور جیا اس موقعے پر ساتھ نہیں تھے کیونکہ امیتابھ کام کے سلسلے میں شہر سے باہر ہیں لیکن ابھشیک اور ایشوریہ نے ان کی پرانی تصاویر شائقین کے ساتھ شیئر کیں۔

دونوں نے پرکاش مہرہ کی فلم ’زنجیر‘ کے بعد شادی کر لی تھی۔