رندیپ ہوڈا ’سلطان‘ کی شوٹنگ کے دوران بےہوش

،تصویر کا ذریعہh1 media

دہلی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اچانک بےہوش ہونے والے اداکار رندیپ ہوڈا کو ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جہاں پیر کو ان کا آپریشن کیا جانا ہے۔

رندیپ ان دنوں فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی دوران اتوار کی شام وہ پیٹ میں درد کے سبب بے ہوش ہو گئے تھے۔

فلم کی ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ رندیپ اپینڈکس کے درد میں مبتلا تھے اور یہی ان کی بےہوشی کی وجہ بنا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ’رنديپ اس مرض میں کافی دنوں سے مبتلا تھے اور کچھ دنوں سے اس مرض کی وجہ سے کچھ زیادہ ہی پریشان تھے لیکن شوٹنگ کے شیڈول کی وجہ سے وہ اسے نظر انداز کر رہے تھے۔‘

،تصویر کا ذریعہsalman khan twitter page

رندیپ اس فلم میں اداکار سلمان خان کے کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اتوار کو جب وہ شاٹ کی تیاری کر رہے تھے تبھی انہیں درد اٹھا اور پھر وہ بے ہوش ہوگئے۔

فلم کی ترجمان کے مطابق انھیں دہلی کے فورٹز ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جہاں پیر کی شام ان کا آپریشن کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہrandeep hooda twitter

رنديپ ہوڈا گذشتہ کچھ وقت سے کافی مصروف ہیں اور وہ ایک ساتھ تین فلموں میں کام کر رہے ہیں۔

اس میں سب سے پہلی فلم ’سربجیت‘ دوسری ان کی سولو فلم ’لال رنگ‘ اور تیسری ’سلطان‘ ہے۔