زین ملک کا سولو البم چارٹس پر نمبر ون

،تصویر کا ذریعہPA
معروف برطانوی گلوکار زین ملک کا پہلا سولو البم چارٹس پر نمبر ون کی پوزیشن پر آگیا ہے۔
ون ڈائریکشن پاپ بینڈ کے سابق ممبر زین کا اپنے گانے کے نمبر ون پر آنے کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’مجھے یقین نہیں آ رہا ہے کہ میرا سولو گانا نمبر ون پر آ گیا ہے۔‘
زین کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ لیکن مجھے اندازہ ہے کہ لوگوں کی حمایت ہمیشہ نہیں رہتی، میں نے جو کچھ زندگی میں حاصل کیا ہے میں اس پر شکرگزار ہوں،میری زندگی بلکل مختلف بھی ہوسکتی تھی۔‘
زین کی البم کا گانا ’پلو ٹالک‘ فروری سے نمبر ون کی پوزیشن پر ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
خیال رہے کہ زین نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز برطانوی میوزک بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کےساتھ کیا تھا۔ زین نے بعد میں بینڈ کو خیر آباد کہہ دیا تھا۔
سنہ 2010 میں ہونے والے ایک ٹی وی ٹیلنٹ شو دا ایکس فیکٹر کے دوران یہ بینڈ سرخیوں میں آیا۔ ون ڈائریکشن کے البمز کی کروڑوں کاپیاں دنیا بھر میں فروخت ہو چکی ہیں۔
سنہ 2015 کے آغاز میں ون ڈائریکشن کے شائقین کو اس وقت جھٹکا لگا تھا جب زین ملک نے بینڈ کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔



