آئرش بینڈ U2 کا نیا البم آئی ٹیونز پر مفت

،تصویر کا ذریعہAFP
معروف آئرش راک بینڈ U2 نے پانچ سال میں اپنا پہلا البم جاری کیا ہے اور اسے ایپل کی آئی ٹیونز سروس کے 50 کروڑ صارفین کو مفت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
یہ حیران کن اعلان کیلیفورنیا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا جہاں ایپل کے سی ای او ٹم کک نے آئی فون کے نئے ماڈلز اور سمارٹ گھڑی کی رونمائی کی۔
یو ٹو نے اس تقریب رونمائی میں اپنا لائیو پروگرام بھی پیش کیا۔
یو ٹو کے مرکزی گلوکار بونو نے اس 11 گیتوں والے البم ’سانگس آف انّوسنس‘ کی ریلیز کے بارے میں بتاتے ہوئے اسے ’ہوش ربا‘ قرار دیا۔
بونو نے کہا: ’اب تک کے ہمارے سب سے زیادہ ذاتی نوعیت کے اس البم کو نصف ارب لوگوں کے ساتھ صرف ’سینڈ‘ کا بٹن دباتے ہیں شیئر کیا جا سکتا ہے۔ کاش کہ گیت لکھنا بھی اس قدر آسان ہوتا۔‘
اس سے قبل U2 کا آخری البم ’نو لائن آن دا ہرائزن‘ (افق پر کوئی خط نہیں ہے) برطانیہ میں سنہ 2009 میں سرفہرست رہا تھا اور دنیا بھر میں اس کے 50 لاکھ ریکارڈ فروخت ہوئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس کے باوجود بونو کو مایوسی ہوئی تھی اور انھوں نے برطانوی اخبار گارڈیئن کو اس سال کہا تھا کہ انھیں یہ خوف ہے کہ البم کا تصور ہی ’ناپید ہوتا جا رہا ہے۔‘
اس آئرش بینڈ نے سنہ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں چند اہم البم پیش کیے تھے جن میں ’دا جوشوا ٹری‘ اور ’آختونگ بے بی‘ شامل تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رواں سال یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ راک بینڈ U2 کسی نئے البم کا منصوبہ بنا رہا ہے لیکن ایپل کی تقریب میں اس کی مفت ریلیز کا اندازہ کسی کو نہیں تھا۔
حال ہی میں بیونسے سمیت بعض اہم فنکاروں نے سرپرائز البم ریلیز کیے ہیں۔
بہرحال یہ روش نئی نئي ہی ہے اور اہم فنکاروں کے ذریعے مفت ریلیز اپنے آپ میں نادر ہے۔
U2 نےماضی میں ایپل کے ساتھ کام کیا ہے تاہم آئی ٹیون کی ریلیز کے لیے ہونے والے معاہدے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔







