بیونسے کے نئے البم کا آئی ٹیونز پر اچانک اجرا

مشہور پاپ گلوکارہ بیونسے نے اپنا پانچواں البم اچانک ایپل کے آن لائن میوزک سٹور آئی ٹیونز پر جاری کیا ہے۔
اس البم کی اہم بات یہ ہے کہ اس میں چودہ نئے گانے اور سترہ میوزک ویڈیوز شامل ہیں۔
یہ البم 2011 کے البم ’فور‘ کے بعد جاری کیا گیا ہے اور اس میں ان کے شوہر جے زی، والدہ ٹینا کنولز اور بیٹی بلو آئیوی بھی نظر آتی ہیں۔
بتیس سالہ گلوکارہ بیونسے نے البم کے پریس ریلیز میں لکھا کہ ’سرپرائز! دیکھیے کیونکہ میں روایتی طریقے سے البم جاری کر تے کرتے تنگ آ چکی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ اس البم کے اس طریقے سے جاری کرنے کی وجہ سے ’میں اپنے شائقین سے براہِ راست بات کر سکتی ہوں۔‘
اس کا مطلب یہ ہے کہ بیونسے کا البم حالیہ برسوں میں جاری کردہ ان چند البمز میں سے ایک ہے جو پہلے سے ہی لوگوں میں لیک نہیں ہو سکا۔
بہت سارے گانے البم کے بنانے اور اس کی تقسیم کے مرحلے میں لیک ہو جاتے ہیں مگر بیونسے کا یہ ریکارڈ خصوصی طور پر آئی ٹیونز پر دستیاب ہے۔

اس البم کی کاپیاں جمعے کو بننا شروع ہوئیں اور 21 دسمبر کو یہ دکانوں میں دستیاب ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس البم کے اجرا سے پہلے اسی طرح اس سال کے آغاز میں ڈیوڈ بوئی نے ریٹائرمنٹ کے بعد جنوری میں بغیر کسی اطلاع کے اپنا البم جاری کر دیا تھا۔
اگرچہ بیونسے کے البم کا یہ منصوبہ بہت بڑے پیمانے پر تھا جس میں اس کے ہر ایک گانے کی اپنی ویڈیو بھی ہے۔
گلوکارہ نے بتایا کہ کیسے 1983 میں مائیکل جیکسن کے مشہور گانے تھرلر کے اجرا سے وہ متاثر ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں اس پورے عمل سے گزرنے کے تجربے کو یاد کرتی ہوں کیونکہ اب لوگ چند سیکنڈ کے لیے ایک گانے کو سنتے ہیں اور اس پورے تجربے سے اپنے آپ کو گزارتے نہیں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ ’البم بنے اور میری جانب سے میرے شائقین کوجاری کر دی جائے۔‘

اس البم کے بارے میں کافی عرصے سے چے مگوئیاں ہو رہی تھیں مگر بالآخر یہ اب جاری کیا گیا ہے۔
بیونسے کا گانا ’سٹینڈنگ آن دی سن‘ جو ملبوسات بنانے والی کمپنی ’ایچ این ایم‘ کے ایک اشتہار میں نظر آتا ہے اس البم میں شامل نہیں ہے اور پیپسی کے لیے بنایا گیا ایک اشتہار ’گرون وومین‘ اس البم میں صرف ایک ویڈیو کی صورت میں ہے۔
البم کے اجرا کے بعد اس کے بارے میں ردِ عمل بہت حد تک مثبت ہے جس میں بی بی سی کے ریڈیو 1 کی جیما کیرنی کا کہنا ہے کہ ’یہ البم بہت خام ہے یہ خود بنانے کے عمل جیسا لگتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ چند ویڈیوز گھر پر بنائی گئی ہوں۔ جیسے وہ چھٹیاں منا رہی ہیں اور وہ اپنے شوہر کے بارے میں گا رہی ہیں اور ان کی محبت میں مخمور ہیں۔‘

کیرنی نے بی بی سی کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اچانک اجرا سے اندازہ ہوتا ہے کہ موسیقی کی دنیا کی روایات کس قدر تیزی سے بدل رہی ہیں۔
موسیقی کی ویب سائٹ ’پاپ جسٹس‘ کے مدیر پیٹر رابنسن کا کہنا ہے کہ بغیر انتظار یا شور شرابے کے البم جاری کرنا ہر ایک کے لیے نہیں ہے۔
انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’بیونسے اس وقت دنیا کی بہت بڑی گلوکارہ ہیں اور میں نہیں سمجھتا کہ یہی طریقۂ کار شاید پکسی لاٹ (ایک نئی گلوکارہ) کے لیے کام کرے گا۔‘
تاہم انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں تین سالوں میں یہ بالکل عام بات ہو گی کہ ایک البم کو اسی وقت جاری کردیا جائے جیسے ہی وہ مکمل ہوا ہو۔‘







