بیونسے کے کیوبا جانے پر پوچھ گچھ

امریکی شہری حکومت کی خصوصی اجازت سے ہی کیوبا جا سکتے ہیں
،تصویر کا کیپشنامریکی شہری حکومت کی خصوصی اجازت سے ہی کیوبا جا سکتے ہیں

امریکی گلوکارہ بیونسے اور ان کے شوہر جے زی کے کیوبا جانے پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہیں۔

بیونسے اور ان کے شوہر کی کیوبا پر عائد امریکی مالی پابندیوں کی ممکنہ خلاف ورزی کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

امریکی کانگریس میں ریپبلکن جماعت کے دو ارکان نے سرکاری طور پر معلومات مانگی ہیں کہ آیا بیونسے اور ان کے شوہر نے کیوبا جانے سے پہلے اجازت نامہ حاصل کیا تھا۔

بیونسے اور ان کے شوہر اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر کیوبا کے دارالحکومت ہوانا گئے تھے۔

امریکی ریاست فلوریڈا سے ریپبلکن جماعت کے دو رہنماؤں لینا روز اور ماریو ڈائز بلآرٹ نے وزارتِ خزانہ سے کہا ہے کہ وہ معلومات فراہم کریں کہ آیا جوڑے نے کیوبا جانے کے لیے کون سا لائسنس حاصل کیا تھا۔

دونوں رہنماؤں نے وزارتِ خزانہ کو لکھا ہے کہ’کیوبا میں سیاحت کی صنعت پر حکومتی کنٹرول ہے،وہاں کی سیاحت پر امریکی ڈالر خرچ کرنے کا مطلب براہ راست ایسی جابر مشنری کو مالی فائدہ دینا ہے جو کیوبا کے لوگوں کو بے رحمی سے دباتی ہے‘۔

ابھی تک بیونسے اور ان کے شوہر کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دونوں جمعرات کو ہوانا گئے تھے اور وہاں مشہور مقامات کی سیر کی اور عام لوگوں سے بات چیت کے علاوہ تصاویر بنوائی۔

گلوکارہ بیونسے نے امریکی صدر براک اوباما کے دوسری مدت کے لیے حلف برداری کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی شہریوں کو کیوبا جانے اور وہاں رقم خرچ کرنے پر پابندی کا سامنا ہے اور کیوبا جانے کے لیے حکومت کا خصوصی اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔