سلمان خان کی نئی ہیروئین کون ہے؟

فلسماز ابھشیک شرما کی نئی فلم ’ہمیں اعتراض ہے‘ کا موضوع بھی عدم روادی ہی ہوگا
،تصویر کا کیپشنفلسماز ابھشیک شرما کی نئی فلم ’ہمیں اعتراض ہے‘ کا موضوع بھی عدم روادی ہی ہوگا
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بھارت اور بالی ووڈ میں ’ان ٹولرینس‘ یا عدم رواداری پر بحث کا سلسلہ ہے کہ تھمتا ہی نہیں یہ موضوع کسی نہ کسی روپ میں بار بار سامنے آ رہا ہے۔ اب فلم ’تیرے بن لادن‘ کے ہدایت کار اور فلسماز ابھشیک شرما نے اعلان کر ڈالا کہ ان کی نئی فلم ’ہمیں اعتراض ہے‘ کا موضوع بھی یہی ہوگا۔ ابھشیک کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار کا حق اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ابھشیک نے بتایا کہ یہ ایک کامیڈی فلم ہوگی لیکن ساتھ ہی اس میں ایک پیغام بھی ہوگا۔

ابھشیک کا کہنا ہے کہ سکرپٹ تیار ہے لیکن کاسٹنگ کا کام باقی ہے۔ ویسے سکرپٹ سے خیال آیا کہ سینسر بورڈ سے پہلے کیوں نہ ابھشیک اپنی سکرپٹ انوپم کھیر کو دکھا دیں جو اس وقت بالی وڈ میں اس موضوع کے بڑے ایکسپرٹ بن چکے ہیں اور اس طرح کی خدمات کے لیے انھیں حکومت ہند نے اعزاز سے بھی نوازا ہے۔

فلم نیرجا کے تذکرے

سونم کپور کی فلم نیرجا کے کافی تذکرے ہیں اور اس کی تعریف کی جا رہی ہے

،تصویر کا ذریعہspice

،تصویر کا کیپشنسونم کپور کی فلم نیرجا کے کافی تذکرے ہیں اور اس کی تعریف کی جا رہی ہے

اس ہفتے سونم کپور کی فلم ’نیرجا‘ ریلیز ہوئی ہے اور بالی وڈ کی زیادہ تر شخصیات نے نہ صرف فلم دیکھی بلکہ اس کی تعریف بھی کی صرف ایک شخصیت ایسی تھی جس نے سرے سے فلم دیکھی ہی نہیں اور وہ ہیں فلم کی ہیروئن سونم کپور کے بھائی ارجن کپور۔

ارجن کا کہنا ہے کہ وہ تصور میں بھی اپنے کسی نزدیکی انسان کی موت برداشت نہیں کر سکتے۔ اب چونکہ فلم میں سونم کپور کی موت ہو جاتی ہے تو یہ سب ان سے دیکھا نہ جائے گا۔ ویسے لوگوں کو یہ بات سن کر خاصی حیرانی ضرور ہوئی ہوگی کہ اتنے بھاری بھرکم جسم کے پیچھے اتنا ننھا اور معصوم دل چھپا ہے۔ ویسے ’نیرجا` کی ریلیز سے یاد آیا کہ سونم کپور نے اپنی فلم ’نیرجا‘ پاکستان میں ریلیز نہ ہونے پر ایک ٹوئٹ میں افسوس ظاہر کیا ہے۔

کنگنا کی بے باکی

کنگنا کی اپنی بے باکی اور اور کھلے بیانات کے لیے معروف ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکنگنا کی اپنی بے باکی اور اور کھلے بیانات کے لیے معروف ہیں

اداکارہ کنگنا رناوت اپنی بے باک رائے اور ایمان دارانہ بیانات کے لیے مشہور ہیں۔ چاہے بات انڈسٹری میں ان کے کام کے بارے میں ہو یا پھر تعلقات اور رشتے کنگنا سیدھی بات کرنے میں یقین رکھتی ہیں۔ ایک بھارتی روزنامے سے بات چیت کے دوران کنگنا نے بتایا کہ بچپن سے انھیں یہ بتایا جاتا رہا کہ وہ ایک بوجھ ہیں لیکن انھوں نے اپنے والدین کے اس خیال کو غلط ثابت کرتے ہوئے خود کو کبھی بھی بوجھ تصور نہیں کیا اور اپنے بل بوتے پر آگے بڑھتی گئیں۔ جب وہ بالی وڈ میں آئیں تو ان کی انگریزی کا مذاق بنایا گیا لوگوں کا منھ بند کرنے کے لیے انھوں نے انگریزی سیکھی تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنی بات پہنچا سکیں۔ ویسے کنگنا کا یہی انداز اور ان کے پختہ ارادے انھیں ہالی وڈ کی ’کوئن‘ کے خطاب کا حقدار بناتے ہیں۔

سلمان خان کی نئی ہیروئن

سلمان خان کئی نئی اداکارواؤں کو فلمی صنعت میں متارف کروا چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنسلمان خان کئی نئی اداکارواؤں کو فلمی صنعت میں متارف کروا چکے ہیں

خبریں ہیں کہ بالی وڈ کے رابن ہڈ ایک بار پھر ایک نئی ہیروئن کی قسمی چمکانے چل پڑے ہیں۔ خبر ہے کہ سلمان کی اپنی دوست لولیا کی بالی وڈ میں اینٹری کی تیاری کر رہی ہیں اور اب انھیں باقاعدہ ہندی سکھانے کے لیے سلمان خان نے ایک استاد کا بندوبست بھی کیا ہے۔

دوسری جانب کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ہندی سکھانے کا مقصد بالی وڈ میں نہیں بلکہ خان فیملی میں اینٹری کی تیاری ہے کیونکہ لولیا ہندی بولنے کے معاملے میں بلکل صفر ہیں اور خن فیملی کی تقریبات میں وہ زبان نہ آنے کے سبب الگ تھلگ رہتی ہیں۔ لیکن جہاں تک غیر ملکی حسیناؤں کو ہندی اردو سکھانے کا تعلق ہے اس میں تو دبنگ خان نے اب تک پی ایچ ڈی کر لی ہوگی۔