سٹار وارز کی نئی فلم نے باکس آفس کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے

سٹاروارز نے برطانیہ اور آئرلینڈ میں بھی اپنے پہلے دو دن میں ریکارڈ بزنس کیا

،تصویر کا ذریعہStarWars.com

،تصویر کا کیپشنسٹاروارز نے برطانیہ اور آئرلینڈ میں بھی اپنے پہلے دو دن میں ریکارڈ بزنس کیا

سٹار وارز سیریز کی نئی فلم ’دی فورس اویکنز‘ نے اپنے پہلے ہفتے میں دنیا بھر میں باکس آفس کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 52 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا بزنس کرلیا ہے۔

باکس آفس کا پچھلا ریکارڈ اس سال جون میں فلم جوراسک ورلڈ نے 52 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بزنس کرکے قائم کیا تھا۔ ۔

تقریباً 40 سال قبل شروع کی گئی اس خلائی داستان کا یہ ساتواں حصہ ہے، جس نے امریکہ اور کینیڈا میں بھی مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

سٹاروارز نے برطانیہ اور آئرلینڈ میں بھی اپنے پہلے دو دن میں ریکارڈ بزنس کیا۔

سنیچر کے روز فلم نے برطانیہ اور آئرلینڈ میں 86 لاکھ پاؤنڈ کا بزنس کیا تھا اور اتوار کے روز 75 لاکھ پاؤنڈ کی مالیت کے ٹکٹوں کی فروخت کے ساتھ توقع کی جارہی ہے کہ یہ فلم برطانیہ اور آئرلینڈ کے سینما گھروں میں ہفتے کے پہلے چار دنوں کے اندر ریکارڈ کیے جانے والے بزنس میں اب تک سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن جائے گی۔

سٹار وارز دی فورس اویکنز دنیا میں سینما کی دوسری بڑی مارکیٹ چین میں 9 جنوری کو ریلیز کی جائے گی
،تصویر کا کیپشنسٹار وارز دی فورس اویکنز دنیا میں سینما کی دوسری بڑی مارکیٹ چین میں 9 جنوری کو ریلیز کی جائے گی

جے جے ابرامز کے اس فلم نے جمعرات کو اپنی ریلیز کے پہلے دن 96 لاکھ پاؤنڈ کا بزنس کیا جس میں ایک رات قبل کے شوز کے 24 لاکھ پاؤنڈ بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ سنہ 2011 میں ہیری پوٹر اینڈ ڈیتھلی ہولوز پارٹ ٹو نے94 لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ کا بزنس کرکے قائم کیا تھا۔

ان اعدادو شمار سے ظاہر ہوتاہے کہ اس فلم نے اپنے پہلے ہفتے میں ہی کئی مشہور فلموں کے کل بزنس کے برابر بزنس کرلیا ہے۔ ان فلموں میں ہنگرگیمز اور دی امیزنگ سپائڈر مین 2 بھی شامل ہیں۔

برطانیہ اور آئرلینڈ میں جوریسک ورلڈ ابھی تک ریلیز کے پہلے چار دنوں میں سب سے زیادہ ٹکٹوں کی فروخت کا ریکارڈ قائم رکھے ہوئے ہے۔

سٹار وارز کی اس نئی فلم نے امریکہ اور کینیڈا میں اپنی ریلیز کی پہلی رات میں سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ جمعرات کی شب فلم نے پانچ کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا اور ہیری پوٹر اینڈ ڈیتھلی ہولوز پارٹ ٹو کا چار کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ خلائی کہانی اب تک آنے والی تمام فلموں سے زیادہ بزنس کرسکتی ہے

،تصویر کا ذریعہUniversal

جوراسک ورلڈ کو باقی دنیا کے ساتھ چین میں بھی اس ہی دن ریلیز کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے فلم کے پہلے ہفتے کے بزنس میں چین میں فروخت ہونے ٹکٹ بھی شامل تھے۔

جبکہ سٹار وارز دی فورس اویکنز دنیا میں سینما کی دوسری بڑی مارکیٹ چین میں 9 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

نئی فلم کی کہانی سیریز کی 1983 میں آنے والی فلم دی ریٹرن آف جیڈی سے جاملتی ہے، جس میں پرانی فلم کے اداکار ہیریسن فورڈ اور چیری فشر بھی ہین سولو اور پرنسس لیلا کے کرداورں میں فلم کی نئی کاسٹ کے ساتھ موجود ہیں۔

والٹ ڈزنی سٹوڈیو کے چیئرمین ایلن ہورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'ہمارا اس فلم کو بنانے کا مقصد یہ تھا کی سٹاروارز سیریز میں ایک مختلف قسم کی فلم بنائی جائے اور ہدایتکا جے جے ابرامز، لوکاس فلم کی صدر کیتھلین کینیڈی اور ان کی پوری ٹیم نے بہترہن کام کر دکھایا ہے