سٹار وارز کی نئی فلم کا شاندار آغاز اور ریکارڈ کمائی

،تصویر کا ذریعہGetty
مشہور فلم سیریز سٹار وارز سلسلے کی تازہ ترین فلم ’سٹار وارز دا فورس اویکنز‘ نے امریکہ اور کینیڈا میں نمائش کی پہلی شب میں کمائی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اس فلم نے جمعرات کی شب باکس آفس پر پانچ کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا کاروبار کیا جو کہ گذشتہ ریکارڈ سے ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔
سابقہ ریکارڈ سنہ 2011 میں ہیری پوٹر سیریز کی فلم ’ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہیلوز: پارٹ 2‘ نے قائم کیا تھا۔
سٹار وارز، دی فورس اویکنز نے امریکہ اور کینیڈا کے علاوہ برطانیہ اور آئرلینڈ میں بھی 96 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ کما کر پہلے دن کاروبار کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ فلم تاریخ کی سب سے کامیاب فلم بن سکتی ہے۔
ہالی وڈ کے معروف ترین تجزیہ کاروں میں شمار ہونے والے پال درگرابیدیان نے کہا ہے کہ ’یہ ممکن ہے کہ دا فورس اویکنز دنیا بھر میں دو ارب ڈالر کا کاروبار کرنے میں کامیاب ہو سکے۔‘
ایگزیبٹر ریلشنز میں فلموں کے کاروبار کے تجزیہ کار جیف بوک نے کہا ہے کہ ’جہاں تک بات ریکارڈ توڑنے کی ہے، بہت عرصے کے بعد ایسا کوئی مضبوط امیدوار سامنے آیا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے مطابق ’یہ فلم دو ارب ڈالر کاروبار کرنے والی فلموں کے کلب میں شامل ہو سکتی ہے اور ممکن ہے کہ شاید یہ کاروباری لحاظ سے تاریخ کی سب سے کامیاب فلم بھی بن جائے۔‘
تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ سٹار وارز: دی فورس اویکنز امریکہ اور کینیڈا میں اپنے پہلے اختتامِ ہفتہ پر 20 کروڑ ڈالر کما لے گی۔
یوں یہ رواں برس جون میں ابتدائی تین دن میں 20 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کما کر ریکارڈ قائم کرنے والی جراسک ورلڈ کے ریکارڈ کے لیے بھی خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔
اس فلم نے برطانیہ میں 20 لاکھ ٹکٹوں کی پیشگی بکنگ کے نتیجے میں کسی بھی فلم کی پیشگی بکنگ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔
ہدایتکار جے جے ابرام کی اس فلم میں 1983 میں اس سیریز کی فلم ’ریٹرن آف جیڈائی‘ کے 30 برس بعد ایک انتہائی دور دراز کہکشاں کے حالات دکھائے گئے ہیں۔







