سٹار وارز کے ورلڈ پریمیئر کا انعقاد
مشہور فلم سیریز سٹار وارز سلسلے کی تازہ ترین فلم ’سٹار وارز دا فورس اویکنز‘ کا ورلڈ پریمیئر امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کیا گیا ہے۔
فلم کے پریمیئر کے موقعے پر سنہ 1977 میں ریلیز ہونے والی سٹار وارز کی پہلی فلم کے سٹارز ہیرسن فورڈ، مارک ہیمل اور کیری فشر کے ساتھ ساتھ تازہ ترین فلم کے اداکار جان بویگا اور ڈیزی رڈلی نے بھی شرکت کی۔
فلم کی کہانی اور اس سے متعلق تجزیوں کو بدھ تک خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن ٹوئٹر پر کچھ مبصرین نے مثبت مگر مختصر تجزیے چھوڑے ہیں۔
ویب سائٹ ’بز فیڈ‘ کے سینیئر رپورٹر ایڈم بی ویری نے ٹویٹ کیا کہ ’اطمینان کر لیں، دا فورس اویکنز 100 فیصد سٹار وارز کے قابل ہے۔‘
مقبول ویب سائٹس ’ہالی وڈ رپورٹر‘ اور ’بِل بورڈ‘ کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر میتھیو بیلونی کے مطابق فلم کے ورلڈ پریمیئر سے ایک شخص کو زبردستی نکال باہر کر دیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا ذریعہReuters
فلم کے پریمیئر میں شرکت کرنے کے لیے شدت سے انتظار کرنے والے شائقین نے اس کے مقام ’ٹی سی ایل چائنیز تھیئٹر‘ کے باہر کئی روز سے خیمے لگائے ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تھیئٹر کے باہر حفاظتی انتظامات بھی بہت سخت کیے گئے تھے۔ چائنیز تھیئٹر کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات میں بھی فلم کی نمائش کی گئی۔
فلم میں اداکاروں کے ساتھ ساتھ روبوٹس اور ’سٹورم ٹروپرم‘ کے کردار ادا کرنے والوں نے بھی پریمیئر میں شرکت کی۔
پہلی فلم کا مشہور’ہین سولو‘ کا کردار دوبارہ ادا کرنے والے سٹار ہیرسن فورڈ نے کہا: ’اب ہمیں سٹار وارز کی پہلی فلموں کی مقبولیت کے بعد اُن سے وابستہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنا ہو گا۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا ذریعہReuters
ریڈ کارپٹ پر سٹار وارز کے بانی جورج لوکس کو دا فورس اویکنز کے ڈائریکٹر اور شریک مصنف جے جے ابریمز کے ساتھ ہنستے مسکراتے ہوئے دیکھا گیا۔
سٹار وارز سلسلے کی تازہ ترین فلم کے بارے میں جارج لوکس نے کہا کہ یہ فلم خاندانوں کے بارے میں ہے اور دکھاتی ہے کہ کیسے ایک نسل ان چیزوں کے ساتھ نمٹتی ہے جو پچھلی نسل چھوڑ کر جاتی ہے۔‘
جے جے ابریمز اس سے پہلے سٹار ٹریک سلسلے کی دو فلمیں بنا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سٹار وارز کے فرینچائز پر اپنا ٹھپہ لگانے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا: ’میں چیزیں اس لیے نہیں کرتا کہ اُن پر اپنا ٹھپہ لگاؤں بلکہ میں اِن کہانیوں اور کرداروں کے خالقوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔‘
ہیریسن فورڈ نے کہا کہ فلم کی ریلیز کے بارے میں شائقین کی بے صبری پر وہ زیادہ دباؤ نہیں محسوس کر رہے۔
انھوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا: ’میری غلطی نہیں ہے، ہم جے جے پر الزام لگا سکتے ہیں۔ میں تو صرف یہاں پر کام کرتا ہوں۔‘
دا فورس اویکنز کا لندن میں پریمیئر بدھ کے روز منعقد کیا جائے گا۔







