کہیں گیتا واپس جانے کی بات نہ کرنے لگے: سلمان خان

گیتا کو گذشتہ دنوں بڑی دھوم دھام سے پاکستان سے بھارت لایا گیا ہے لیکن ابھی تک اس کے اصل اہل خانہ کا پتہ نہیں چل سکا
،تصویر کا کیپشنگیتا کو گذشتہ دنوں بڑی دھوم دھام سے پاکستان سے بھارت لایا گیا ہے لیکن ابھی تک اس کے اصل اہل خانہ کا پتہ نہیں چل سکا
    • مصنف, مدھو پال
    • عہدہ, بی بی سی ہندی، ممبئی سے

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان چاہتے ہیں کہ پاکستان سے بھارت واپس آنے والی لڑکی گیتا جب اپنے والدین سے مل لے تو پھر وہ ان سے ملنا چاہتے ہیں۔

سماعت اور گویائي سے محروم گیتا کی پاکستان سے بھارت واپسی تو ہو گئی ہے، لیکن اب تک وہ اپنے حقیقی خاندان کی شناخت نہیں کر سکی ہیں۔

دراصل گیتا کے اصلی ماں باپ ہونے کا دعویٰ بہت سے لوگ کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروایا جا رہا ہے۔

ان سب باتوں پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے سلمان نے کہا: ’یہ صورت حال بہت عجیب ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ گیتا کو اپنا خاندان جلدی مل جائے۔‘

اس کے ساتھ انھوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا: ’جس قدر محبت بلقيس ايدھي اور ان کے بیٹے نے گیتا کو دی ہیں اتنی ہی محبت اسے اپنے اہل خانہ سے بھی ملے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ اسے اتنی محبت نہ ملے اور وہ یہاں سے واپس جانے کا مطالبہ کرنے لگے۔‘

سلمان خان بھی گیتا سے ملنے کی خواہش رکھتے ہیں
،تصویر کا کیپشنسلمان خان بھی گیتا سے ملنے کی خواہش رکھتے ہیں

سلمان نے بلقيس ايدھي کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ’میں ان کا دل و جان سے شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ انھوں نے گیتا کو اتنی اچھی طرح رکھا۔‘

انھوں نے لڑکیوں کے عدم تحفظ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا: ’اگر کوئی ایسی بچی کھو جاتی ہے، تو اس کا حال برا ہوتا ہے۔ ایسی بہت ساری گمشدہ لڑکیاں سمگلنگ کا شکار ہوجاتی ہیں۔‘

اپنے ادارے کی مہم کے بارے میں انھوں نےکہا کہ گھر سے بھاگنے والے یا خاندان سے بچھڑے ہوئے تقریباً 30 بچے اب تک اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا: ’کچھ ایسے بچے بھی ہمیں ملے جن کے خاندان میں کوئی نہیں ہے تو ان کی پرورش اور تعلیم کی پورا انتظام کیا گیا ہے۔‘

سلمان خان نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر متنبہ کیا ہے
،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر متنبہ کیا ہے

اس ضمن میں وہ فلموں اور ٹی وی کو اچھا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں: ’اس کے ذریعے بہت سے لوگوں کا بھلا ہوا ہے، لیکن ہم لوگ اس اچھے ذریعے کا غلط استعمال کرتے ہیں۔‘

سوشل نیٹ ورکنگ کے روز افزوں غلط استعمال پر افسوس ظاہر کرتے سلمان نے کہا: ’یہاں کوئی بھی غلط شناخت سے کسی کو برا بھلا کہتا ہے۔ اسے بند کرنا انتہائی ضروری ہے۔‘

حال ہی میں شیو سینا نے پاکستان کے غزل گلوکار غلام علی کی مخالفت کی تھی۔ اس بابت سلمان نے کہا: ’برسوں سے ہماری فلمیں اور ان کے سیریل بہت مقبول رہے ہیں۔ یہ عام لوگوں کا جھگڑا نہیں، یہ تو سیاسی جھگڑا ہے۔‘

سلمان کی فلم آئندہ ہفتے ریلیز ہونے والی ہے

،تصویر کا ذریعہspice

،تصویر کا کیپشنسلمان کی فلم آئندہ ہفتے ریلیز ہونے والی ہے

وہ کہتے ہیں: ’اب جھگڑا عام لوگوں میں ہوتا تو میری فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ پاکستان میں نہ چلتی۔ فن کسی سرحد میں باندھنے سے نہیں بندھتا۔‘

سلمان جلد ہی فلم ’پریم رتن دھن پايو‘ میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم 12 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔