بانڈ سیریز کی نئی فلم ’ہنگامہ خیز تفریح سے بھرپور‘

 فلم اگلے ہفتے ریلیز کی جائے گی

،تصویر کا ذریعہpa

،تصویر کا کیپشن فلم اگلے ہفتے ریلیز کی جائے گی

نقادوں کی جانب سے جیمز بانڈ سلسلے کی نئی فلم کا والہانہ خیرمقدم کیا گیا ہے۔

نقادوں نے فلم کو سراہتے ہوئے اسے ’خالص مار دھاڑ سے بھرپور ایکشن فلم‘ قرار دیا ہے۔

گارڈیئن اخبار کے پیٹر براڈ شو نے فلم پر اپنے تبصرے میں لکھا کہ فلم سپیکٹر ’بہت دلچسپ، شاندار اور ہنگامہ خیز تفریح سے بھرپور ہے۔‘

دا ٹائمز اخبار کا کہنا ہے کہ سیم مینڈیز کی فلم ’تکلیف دہ حد تک شاندار ہے۔‘ جبکہ انڈیپینڈنٹ اخبار کا کہنا تھا کہ فلم ہر لحاظ سے 2012 میں اسی سلسلے کی ریلیز ہونے والی فلم سکائی فال کا ہم پلہ ہے۔

ناقدین کو سپیکٹر بدھ کو دکھائی گئی جبکہ فلم اگلے ہفتے ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم میں ڈینیئل کریگ ایک بار پھر برطانوی جاسوس جیمز بانڈ عرف 007 کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف حصوں میں فلمائی جانے اس فلم کا نام ایک مجرمانہ سنڈیکیٹ سپیکٹر کے نام پر رکھا گیا ہے۔

دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے معروف اداکار کرسٹوف والز، فرانسیسی اداکارہ لیا سیدو اور اٹلی کی مانیکا بیلوچی اس طویل عرصے سے چلنے والی سیریز کی 24 ویں فلم میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔

ڈیلی مرر اخبار کے مطابق ’سپیکٹر غیرمعمولی واقعات سے بھرپور جاسوسی بھری زبردست فلم ہے جس میں حیرت انگیز کرتب بازی سے لبریز لمحات نظر آتے ہیں۔‘

سن نامی ویب سائٹ کے تبصرہ نگار نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں ’شائقین کی توقع کے مطابق ہر طرح کے کلاسیکل عناصر کے ساتھ ساتھ حیرت انگیز افتتاحی حصہ شامل ہے۔‘

 فلم میں شائقین کی توقع کے مطابق ہر طرح کے کلاسیکل عناصر کے ساتھ ساتھ حیرت انگیز افتتاحی حصہ شامل ہے

،تصویر کا ذریعہepa european pressphoto agency b.v. Alamy Stock Photo

،تصویر کا کیپشن فلم میں شائقین کی توقع کے مطابق ہر طرح کے کلاسیکل عناصر کے ساتھ ساتھ حیرت انگیز افتتاحی حصہ شامل ہے

ورائٹی نے بھی اِس کی نشاندہی کی کہ ’میکسکو میں سالانہ چھٹی کے دن فلمائے جانے والا فلم کا ابتدائی حصہ مضحکہ خیز طور پر مہنگا ہے، اور اس کا شمار اس سلسلے کی فلموں کے بہترین افتتاحی حصوں میں کیا جا سکتا ہے۔‘

اگرچہ فلم انڈسٹری کے دیگر اخبارات نے فلم کے متعلق کم جوش وخروش کا اظہار کیا اور ہالی وڈ کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ’بنیادی طور پر یہ سکائی فال کے مقابلے میں کم معیار کی فلم محسوس ہوئی۔‘

سکرین انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ فلم کو ’کسی حد تک سپاٹ اور پُرانے رواج کی 007 دکھانے کے لیے پُرانا فارمولا دہرایا گیا ہے۔‘

فلم ایک بار پھر 007 کے فارمولے کو دہراتے ہوئے کسی حد تک سپاٹ اور پرانی وضع کی محسوس ہوتی ہے۔