جیمز بانڈ سیریز کے نئے ناول میں پوسی گیلور کی واپسی

’ٹرگر مورٹس‘ میں پسی گیلور کے علاوہ جیوپڈری لین نامی ایک نئی بانڈ گرل اور جے سن سوینگ نامی کورین ولن کے کردار بھی متعارف کروائیں جائیں گے
،تصویر کا کیپشن’ٹرگر مورٹس‘ میں پسی گیلور کے علاوہ جیوپڈری لین نامی ایک نئی بانڈ گرل اور جے سن سوینگ نامی کورین ولن کے کردار بھی متعارف کروائیں جائیں گے

جاسوسی ادب کے مشہور کردار جیمز بانڈ پر لکھے جانے والے نئے ناول میں اس سیریز کی مشہور خاتون ولن پوسی گیلور کی واپسی ہوگی۔

جیمز بانڈ کی سرگرمیوں کے بارے میں نئے ناول کا نام ’ٹرگر مورٹس‘ ہوگا اور اسے انتھونی ہورووٹز تحریر کر رہے ہیں۔

پسی گیلور کا کردار اس سیریز کے خالق اور مشہور مصنف ایئن فلیمنگ نے اپنے ناول ’گولڈ فنگر‘ میں متعارف کروایا تھا۔

8 ستمبر 2015 کو فروخت کے لیے پیش کیا جانے والا بانڈ سیریز کے نئے ناول کی کہانی 1957 میں ’گولڈ فنگر‘ کی کہانی کے اختتام کے دو ہفتے بعد شروع ہوتی ہے۔

اس کہانی کا مرکزی خیال اس دور میں امریکہ اور سوویت یونین کی خلائی دوڑ پر مبنی ہے۔

’ٹرگر مورٹس‘ میں پوسی گیلور کے علاوہ جیوپڈری لین نامی ایک نئی بانڈ گرل اور جے سن سوینگ نامی کورین ولن کے کردار بھی متعارف کروائیں جائیں گے۔

اس ناول کا آغاز ایئن فلیمنگ کے ہی ایک خیال سے ہوگا جو کہ ایک کار ریسنگ کے منظر پر مشتمل ہے اور یہ منظر ایسی ٹی وی سیریز کے لیے لکھا گیا تھا جو کبھی بن نہیں پائی۔

ناول کے بارے میں بات کرتے ہوئے انتھونی ہورووٹز کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے اصل بانڈ کی طرف لوٹنا چاہتے تھے۔ ’وہ بانڈ جسے فلیمنگ نے تخلیق کیا تھا اور میرے لیے یہ بہترین رہا کہ کہانی شروع کرنے کے لیے مجھے وہ مواد استعمال کرنے کا موقع ملا جو خود فلیمنگ نے تحریرکیا تھا۔‘

’ٹرگر مورٹس‘ بانڈ سیریز کا تازہ ترین ناول ہے جس کی اجازت ائین فلیمنگ اسٹیٹ کی جانب سے دی گئی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن’ٹرگر مورٹس‘ بانڈ سیریز کا تازہ ترین ناول ہے جس کی اجازت ائین فلیمنگ اسٹیٹ کی جانب سے دی گئی ہے

انتھونی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ مجھے اس ناول کی کہانی اپنے پسندیدہ بانڈ ناول گولڈ فنگر کی کہانی کے اختتام کے دو ہفتے بعد سے شروع کرنے کی اجازت ملی اور میں پوسی گیلور کی واپسی پر بھی بہت خوش ہوں۔‘

مصنف نے کہا کہ ’اس مقبول ترین بانڈ گرل کی واپسی بہت مزیدار رہی اگرچہ وہ اس ناول میں موجود اکیلی خطرناک خاتون نہیں ہے۔‘

1964 میں ایئن فلیمنگ کے انتقال کے بعد سے ولیم بوئڈ، جیفری ڈیور اور سبیسچیئن فالکس بانڈ سیریز کے نئے ناول لکھ چکے ہیں۔

فلیمنگ کی بھتیجی لوسی کا کہنا ہے کہ انتھونی نے جیمز بانڈ کا جو ناول تحریر کیا ہے اس کی سنسنی خیز کہانی ایسی ہے کہ جیسے وہ خود ایئن نے تحریر کی ہو۔