ہیکر حملے میں نئی بانڈ فلم کا سکرپٹ بھی چوری

،تصویر کا ذریعہv
جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم کے پیش کاروں کا کہنا ہے کہ سونی پکچرز پر گذشتہ ماہ ہونے والے سائبر حملے میں اس سیریز کی نئی فلم ’سپیکٹر‘ کا سکرپٹ بھی چوری ہوا ہے۔
فلم کے پروڈیوسرز نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ انھیں سنیچر کی صبح مطلع کیا گیا ہے کہ ہیکرز نے جو چیزیں چرائیں ان میں فلم کے سکرپٹ کا ابتدائی مسودہ بھی شامل تھا۔
یہ فلم بنانے والی کمپنی ایئون پروڈکشنز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چرایا جائے والا سکرپٹ لیک بھی کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اس مسودے کو برطانوی جملہ حقوق کے تحت تحفظ حاصل ہے اس لیے ایسی کسی کوشش سے باز رہا جائے۔
جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم آئندہ برس 6 نومبر کو ریلیز ہونی ہے اور اس کی فلم بندی رواں ماہ ہی شروع ہوئی ہے۔
رواں ماہ ہی فلم کے ہدایتکار سیم مینڈیس اور پروڈیوسر باربرا پروکولی نے ایک تقریب میں فلم کا نام اور اس میں کام کرنے والے فنکاروں کے نام ظاہر کیے تھے۔
تاہم انھوں نے اس تقریب میں فلم کی کہانی کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
مینڈیس نے اس موقع پر کہا تھا کہ ’میں آپ کو کہانی سنانے کے لیے بےچین ہوں لیکن اس کے لیے مجھے فلم کا خاکہ بتانا پڑے گا جو میں نہیں کر سکتا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بانڈ سیریز کی فلمیں سونی پکچرز کی سب سے کامیاب فلموں میں سے ہیں اور اس سیریز کی آخری فلم ’سکائی فال‘ نے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔
سونی پکچرز پر 24 نومبر کو سائبر حملہ ہوا تھا جس کے بعد کمپنی نے حفاظتی اقدام کے طور پر اپنا کمپیوٹر نیٹ ورک بند کر دیا تھا اور ملازمین کو بتایا کہ یہ صورتِ حال ایک دن سے تین ہفتوں تک حل ہو سکتی ہے۔
اس حملے میں کمپیوٹر سکرینز پر ایک کھوپڑی نمودار ہوئی جس کے ساتھ ایک دھمکی آمیز پیغام میں کہا گیا کہ اگر ان کے نامعلوم مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ان کا ’راز‘ افشا کر دیا جائے گا۔
اس پیغام میں ’جی او پی‘ نامی گروپ کا ذکر امن کے رکھوالوں کے طور پر کیا گیا اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہی گروپ اس حملے کے پیچھے ہے۔
اس کے بعد ایک گمنام شخص نے ’ریڈ اِٹ‘ نیوز ویب سائٹ پر مبینہ طور پر سونی کمپیوٹر سکرین کی جانب سے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں کہا گیا: ’ہم نے آپ کو پہلے ہی متنبہ کر دیا تھا اور یہ تو آغاز ہے، ہم نے آپ کا تمام اندرونی ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جس میں آپ کے راز بھی شامل ہیں۔‘







