سونی کے پلے سٹیشن پر ہیکروں کا حملہ

،تصویر کا ذریعہAFP
انٹرنیٹ ہیکروں کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے سونی کے آن لائن پلے سٹیشن سٹور کو ہیک کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پلے سٹیشن سٹور پیر کو ڈاؤن رہے گا۔
جو لوگ اس سائٹ پر جانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کی سکرین پر یہ پیغام آ رہا ہے کہ ’صفحہ دستیاب نہیں ہے۔ یہ آپ کی نہیں انٹرنیٹ کی غلطی ہے۔‘
لِزرڈ سکواڈ نامی ہیکر گروپ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ PSN Login #offline #LizardSquad سے سٹور ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ٹیکنالوجی کے میدان کی اس بڑی کمپنی پر ہونے والا یہ تازہ ترین حملہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہ
اس سے قبل گذشتہ ماہ اس جاپانی کمپنی کے ہالی وڈ فلم سٹوڈیوز کے نیٹ ورک کو بھی ہیک کر لیا گیا تھا اس کے بعد ان فلموں کو لیک کر دیا گیا تھا جو ابھی ریلیز نہیں ہوئي ہیں۔ اس کے علاوہ اداکاروں کی تنخواہوں کی پوشیدہ معلومات بھی ظاہر کر دی گئی تھی۔
سونی انٹرٹینمنٹ نے اس کا جواب دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ انھیں اس کا علم ہے کہ پلے سٹیشن کا استعمال کرنے والوں کو کن پریشانیوں کا سامنا ہے۔
نصف شب کے قریب کمپنی نے ٹویٹ کیا: ’جب تک ہم جانچ کر رہے ہیں، آپ کے صبر کے لیے شکریہ۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی کمپنی نے اپنے گیمنگ کنسول پلے سٹیشن کی 20ویں سالگرہ منائی تھی۔ ہیکنگ کا یہ واقعہ اس کے چند دنوں بعد ہی پیش آیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
درین اثنا پلے سٹیشن کا صفحہ مائیکروسافٹ کے ایکس باکس نیٹ ورک پر کھل رہا ہے جو گذشتہ ہفتے نہیں کھل پا رہا تھا۔ لزرڈ سکواڈ نے اس پر بھی حملے کا دعویٰ کیا تھا۔
ہیکر گروپ نے کہا ہے کہ ایکس باکس پر ہونے والا حملہ ان حملوں کی ’ہلکی سی خوراک‘ ہے جو کرسمس کے دنوں میں ہونے والے ہیں۔
اس سے قبل اس نے ای اے گیمز اور ڈیسٹنی آف لائن کو بھی ہیک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ٹوئٹر پر اس گروپ کو ’لزرڈ پیٹرول‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کی ویب سائٹ روس سے چلائی جا رہی ہے۔







