سونی کا کمپیوٹر سسٹم ہیک ہو گیا

،تصویر کا ذریعہAFP
اطلاعات کے مطابق کمپیوٹر ہیکروں نے معروف الیکٹرونکس کمپنی سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کا سسٹم ہیک کر لیا جس کے بعد اسے اپنا سسٹم بند کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق کمپیوٹر سکرینز پر ایک کھوپڑی نمودار ہوئی جس کے ساتھ ایک دھمکی آمیز پیغام میں کہا گیا کہ اگر ان کے نامعلوم مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ان کا ’راز‘ افشا کر دیا جائے گا۔
اس پیغام میں ’جی او پی‘ نامی گروپ کا ذکر امن کے رکھوالوں کے طور پر کیا گیا اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہی گروپ اس حملے کے پیچھے ہے۔
دوسری جانب سونی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹیکنالوجی فرم نے حفاظتی اقدام کے طور پر اپنا کمپیوٹر نیٹ ورک بند کر دیا اور ملازمین کو بتایا کہ یہ صورتِ حال ایک دن سے تین ہفتوں تک حل ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا ایک گمنام شخص نے ’ریڈ اِٹ‘ نیوز ویب سائٹ پر مبینہ طور پر سونی کمپیوٹر سکرین کی جانب سے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں کہا گیا: ’ہم نے آپ کو پہلے ہی متنبہ کر دیا تھا اور یہ تو آغاز ہے، ہم نے آپ کا تمام اندرونی ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جس میں آپ کے راز بھی شامل ہیں۔‘
خیال رہے کہ آن لائن حملے کی خبر رواں برس اگست میں سونی پلے سٹیشن نیٹ ورک پر ایک سائبر حملے کے بعد سامنے آئی ہے۔
25 اگست کو سونی پلے سٹیشن نیٹ ورک پر ہونے والے سائبر حملے کے بعد اسے بند کرنا پڑا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یورو مانیٹر میں ہیڈ آف کنسیومر الیکٹرانکس ریسرچ کے وی ٹیک لو کا کہنا ہے کہ سونی کے لیے کسی بھی منفی خبر سے اس پر دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے کیونکہ کمپنی کو پہلے ہی اپنے ٹی وی اور موبائل بزنس میں مالی اعتبار سے مشکلات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین برس قبل سونی پلے سٹیشن نیٹ ورک پر ہونے والا حملہ بہت بڑا اور کمپنی کے لیے شرمندگی کا باعث تھا۔







