بھارتی بیوی کے لیے کینیڈین شوہر کے ہندی گانے کی دھوم

،تصویر کا ذریعہJAGNEET SINGH
ایک کینیڈین جوڑے، فرینک گریگوار اور سرمن ملہوترا نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی ویڈیو کی دھوم مچ جانے کے بعد محبت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ بی بی سی کے ویکاس پانڈے نے اس نوبیاہتا جوڑے سے بات کی۔
بھارتی نژاد سرمن ملہوترا اس وقت رو پڑیں جب شادی کے روز دولہا فرینک نے ان کے لیے معروف بھارتی گانا ’کیونکہ تم ہی ہو گایا۔‘
دولہا نے کئی روز چھپ کر اس گانے کی پریکٹس کی اور پھر دلہن کو شادی کے دن سرپرائز دیا۔
اب تک یو ٹیوب پر فرینک گریگوار کی اس ویڈیو کو 40 لاکھ 30 ہزار افراد دیکھ چکے ہیں اور لاکھوں لوگ اسے شئیر کر چکے ہیں۔
فرینک کہتے ہیں کہ انھوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ ویڈیو اتنی شہرت حاصل کر لے گی۔
جبکہ دلہن سرمن ملہوترا کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی یہ یقین کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ محبت کا خوبصورت اظہار ان کے لیے کیا گیا تھا۔
وہ بتاتی ہیں کہ وہ جانتی ہیں کہ فرینک کو گانا پسند ہے لیکن انھوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ ان کے لیے ہندی میں گانا سیکھیں گے اور اسے اپنی شادی کے دن گائیں گے۔
مجھے بس یہ لگا کہ میں ’شاک‘ میں ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرمن ملہوترا کہتی ہیں کہ ان کے پاس الفاظ نہیں کہ وہ بتا سکیں کہ ان لمحات میں ان انھوں نے کیا محسوس کیا اور وہ سمجھتی ہیں کہ وہ ایسا پھر کبھی محسوس نہیں کر سکیں گی۔

،تصویر کا ذریعہJAGNEET SINGH
وہ کہتی ہیں کہ محبت بہت خالص جذبہ ہے۔ یہ ہمیں رلانے اور کبھی کبھار ہنسانے کا باعث بھی بنتی ہیں۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اب بہت سے لوگ فرینک سے درخواست کر چکے ہیں کہ وہ ان کی شادی پر بھی گانا گائیں۔
وہ کہتے ہیں کہ انھیں یقین ہے ابھی اور بھی درخواستیں آئیں گی اور یہ بھی کہ ان کی اہلیہ جانتی ہیں کہ وہ ہندی گانے سیکھنا چاہتے ہیں۔
ادھر سرمن بھی ارادہ رکھتی ہیں کہ وہ بھارت میں شادی کے دوران اکھٹے پرفارم کریں۔
سرمن کا کہنا ہے کہ ان کے بہت سے عزیزو اقارب بھارت میں موجود ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ وہ انھیں شادی پر مدعو کریں گے۔
شادی بیاہ کی تقریبات میں گانا گانے کو متبادل کرئیر کے طور پر اپنانے کے ساتھ ساتھ یہ جوڑا لوگوں کو یہ پیغام دے دہا ہے کہ وہ محبت کا اظہار کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ ویڈیو یا سیلفی بنائیں اور اپنی کہانیاں سوشل میڈیا پر شئیر کریں۔
فرینک کہتے ہیں کہ ہم دنیا کومحبت کی نئی کہانی اور مثبت پیغام کی شہ سرخی بنانے کا چیلینج دیتے ہیں جو کہ نفرت، جنگ، جرم اور منفی کیفیت پر حاوی ہے۔







