’چارلی چیپلن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہوں‘

ودیا بالن کی فلم ہماری ادھوری کہانی نے اچھا بزنس کیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنودیا بالن کی فلم ہماری ادھوری کہانی نے اچھا بزنس کیا ہے

بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ہیں۔

فلم کے ڈائریکٹر منیش گپتا کا کہنا ہے کہ سکرپٹ سونیا گاندھی کے دفتر منظوری کے لیے روانہ کیا جا چکا ہے۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ دو زبانوں میں بننے والی مجوزہ فلم میں کسی قسم کے تعصب سے کام نہیں لیا گيا ہے۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/06/150627_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

دریں اثنا ویدیا بالن نے کہا ہے کہ وہ چارلی چیپلن پر ایک فلم کرنا چاہتی ہیں۔ ودیا بالن لیجنڈری اداکار اور فلم ساز چارلی چیپلن کی زبردست مداح ہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں کسی فلم میں چارلی چیپلن کا کردار کرنا چاہوں گی۔ مجھے مسٹر انڈیا میں شری دیوی اس کردار میں بہت پسند آئی تھیں۔ انھوں نے میری زندگی پر زبردست اثرات مرتب کیے۔‘

انھوں نے یہ باتیں چارلی چیپلن کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی ایک نمائش میں کہی۔

اطلاعات کے مطابق ان کی حال میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ نے اچھا کاروبار کیا ہے۔

سلمان خان کا اپنا انداز

سلمان خان نے اپنی فلم بجرنگی بھائی جان کے پروموشن کے لیے رمضان کی مبارک باد پیش کی ہے

،تصویر کا ذریعہHARSHALI MALHOTRA

،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے اپنی فلم بجرنگی بھائی جان کے پروموشن کے لیے رمضان کی مبارک باد پیش کی ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان پہلے کی طرح اس بار بھی اپنے مداحوں کے لیے عید کے موقعے پر نئی فلم لے کر آ رہے ہیں۔

انھوں نے اپنی اس فلم سے قبل لوگوں کو رمضان کی مبارک باد پیش کی۔

انھوں نے کہا: ’سب سے پہلے آپ لوگوں کو رمضان مبارک ہو۔ اس کے بعد عید آئے گی۔ جب عید آئے گی تو ’بجرنگی بھائی جان‘ عید کے ساتھ آئے گا۔‘

انھوں نے کہا کہ اس سے قبل انھیں فلم کا میوزک سننے کا موقع ہوگا۔

انھوں نے کہا: ’ہر فلم کے بارے میں کہتے ہیں کہ بہت ہی اچھا میوزک ہے۔ اس سے بہتر میوزک کبھی رہا نہیں۔۔۔ یہ بھی کہتے ہیں کہ اس فلم میں میوزک ذرا مختلف ہے۔ گذشتہ 20-15 برسوں میں ہم لوگوں نے جو اس بارے میں انٹرویوز دیے ہیں سب کو لے کر چھاپ دینا چاہیے۔‘

دوسری جانب اس فلم میں ایک اہم کردار ادا کرنے والے نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ سلمان خان کے ساتھ ان کی کیمسٹری بہتر ہوئی ہے اور اس کی جھلک فلم میں نظر آئے گی۔

کرشمہ کپور کی فلموں میں واپسی

کرشمہ کپور گذشتہ دنوں 41 سال کی ہو گئیں
،تصویر کا کیپشنکرشمہ کپور گذشتہ دنوں 41 سال کی ہو گئیں

کپور خاندان کی روایت کو توڑنے والی اداکارہ کرشمہ کپور ایک بار پھر سے فلموں میں واپسی کر رہی ہیں۔

انھوں نے جب فلموں میں آنے کا فیصلہ کیا تھا تو بقول ان کے وہ اس وقت صرف 17-16 کی تھیں۔

انھوں نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے فلم چھوڑنے کے بارے میں کہا: ’جب میں زندگی میں مطمئن ہو چکی تھی تو میں اس بارے میں بہت واضح تھی کہ مجھے گھر پر ہی رہنا ہے بچوں کو وقت دینا ہے اور جب وہ تھوڑے بڑے ہو جائیں گے تو دیکھوں گی کہ کیا کرنا ہے۔‘

انھوں نے کہا: ’میرے خیال میں جب میری پہلی فلم ریلیز ہوئی تھی تو میں 16 سال کی تھی اس لیے مجھے ایک بریک کی ضرورت تھی کیونکہ میں نے بہت محنت کی تھی۔‘

خیال رہے کہ اس ہفتے کرشمہ کپور 41 برس کی ہو گئی ہیں اور لندن میں منعقدہ سالگرہ پارٹی میں ان کی بہن اور اداکارہ کرینہ کپور بھی تھیں۔

کرشمہ کی اہم فلموں میں ’دل تو پاگل ہے‘، ’انداز اپنا اپنا‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’فضا‘، ’بی وی نمبر ون‘ شامل ہیں۔ گووندہ کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب سراہا گیا تھا۔