سلمان خان ’خانوں‘ کی درجہ بندی سے نالاں

سلمان خان نے اپنے مداحوں کو بتایا ہے کہ وہ کسی کی تضحیک برداشت نہیں کریں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے اپنے مداحوں کو بتایا ہے کہ وہ کسی کی تضحیک برداشت نہیں کریں گے

سلمان خان کے مداح جہاں ’بجرنگی بھائی جان‘ کے دوسرے ٹریلر کا انتظار کر رہے ہیں جو اطلاعات کے مطابق رواں ماہ کی 18 تاریخ کو آنے والا ہے۔

لیکن سلمان خان نے گذشتہ دنوں اپنے مداحوں کو بہت ساری نصیحتیں کی ہیں جن میں عامر خان اور شاہ رخ کی دوستی کا بھی ذکر ہے اور اپنے مداحوں سے نازیبا بیانات اور الفاظ سے پرہیز کرنے کو کہا ہے۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/06/150613_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

انھوں نے لکھا ہے: ’اپنے ہیرو کے بارے میں اتنی جنگ کیوں؟ اس سفر کو خوشگوار بنائیں اور بھدّی ٹوئٹر جنگ کے لیے اس پر نہ آئیں۔‘

انھوں نے پھر لکھا: ’اگر یہ جاری رہا تو میں ٹوئٹر چھوڑ دوں گا۔ میں یہاں محبت پھیلانے اور اپنے خیالات ظاہر کرنے آیا ہوں نہ کہ اپنی (فلم) برادری کی بے عزتی کرنے کے لیے۔‘

سلمان خان نے ان کے علاوہ اور بہت سے ٹویٹ کیے

،تصویر کا ذریعہsalman

،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے ان کے علاوہ اور بہت سے ٹویٹ کیے

انھوں نے گذشتہ دنوں بہت سارے ٹویٹ کیے اور اپنے مداحوں کو بتایا کہ محبت بانٹیں، مشغول رہیں، جب کوئی کام نہ ہو تو ہی ٹوئٹر پر آئیں، نازیبا، خراب بیانات اور گالی گلوچ سے پرہیز کریں۔

انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’ایک تو ویسے ہی کم ٹویٹ کرتا ہوں، نہیں کرنے پر مجبور نہ کرو۔ نہیں تو ٹوئٹر پر نہیں ہوں گا پھر سے۔ کون سی بڑی بات ہے۔‘

انھوں نے لکھا: ’شاہ رخ اور عامر کو بھی اس سے نفرت ہے۔ میرے مداحوں سے (یہی کہنا ہے کہ) مجھے نیچا نہ دکھائیں۔ ایس آر کے اور عامر خان ہمارے دوست ہیں تو بس۔ بھاڑ میں گئے نمبر 1، 2، 3، سمجھے کیا؟‘

’مجھے اپنے کتوں کی طرح چاہتی ہیں‘

رنویر سنگھ کے کردار کو اس فلم میں سراہا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہYRF films

،تصویر کا کیپشنرنویر سنگھ کے کردار کو اس فلم میں سراہا جا رہا ہے

بالی وڈ کی حال ہی ریلیز ہونے والی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ کے اداکار رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ اس فلم کی کامیابی سے بہت خوش ہیں۔

وہ جہاں اپنی فلم کی کامیابی پر خوش ہیں وہیں اس بات پر بھی فخر اور مسرت محسوس کرتے ہیں کہ فلم کی ہدایت کارہ زویا اختر ان کو اپنے ’کتوں کی طرح چاہتی ہیں۔‘

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’مجھے اور زویا کو ایک دوسرے سے بہت لگاؤ ہے۔ وہ مجھے سے بچے کی طرح سلوک کرتی ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’جب میں ان کے گھر جاتا ہوں تو جیسا ان کا برتاؤ ان کے اپنے کتوں کے ساتھ ہوتا ہے وہ مجھ سے ویسا ہی برتاؤ کرتی ہیں۔ وہ میرے گال کھینچتی ہیں، مجھے چومتی ہیں اور مجھے گلے لگا لیتی ہیں۔‘

انھوں نے آگے کہا: ’ماں کی طرح مجھ سے ایسا کرتی ہیں۔ میں اپنی ماں کا دلارا ہوں اور جب کوئی مجھ سے اس طرح کا برتاؤ کرتا ہے تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔‘

برادر میں اکشے سدھارتھ آمنے سامنے

ایک بار پھر سے دو بھائیوں کی کہانی پر مبنی فلم آ رہی ہے جسے برادر کا نام دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہsupriya

،تصویر کا کیپشنایک بار پھر سے دو بھائیوں کی کہانی پر مبنی فلم آ رہی ہے جسے برادر کا نام دیا گیا ہے

بالی وڈ میں دو بھائیوں پر مبنی کہانیاں بہت سی فلموں کا مرکزی کردار رہی ہیں۔ اکشے کمار کا کہنا ہے کہ اس تھیم پر مبنی ہزاروں کہانیاں ہیں۔

اس تھیم پر منبی فلم ’برادر‘ کا ٹریلر گذشتہ دنوں ریلیز ہوا جس میں اکشے کمار کے ساتھ سدھارتھ ملہوترہ ہیں۔

اس فلم کے ٹریلر کو چند ہی دنوں میں 10 لاکھ ویوز ملے ہیں جس پر فلم کے ہدایت کار کرن ملہوترہ نے اظہار مسرت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا: ’سپرفاسٹ ایک ملین ویوز: آپ کی تمام محبتوں کا شکریہ۔‘

جب اکشے کمار سے پوچھا گیا کہ دو بھائیوں پر مبنی فلم بہت دنوں بعد آ رہی ہے تو اکشے نے کہا: ’نہیں ایسا نہیں ہے۔ ہر سال دو سال میں ایسی فلمیں آتی رہتی ہیں۔ میرے خیال میں ہندوستانی سنیما اس طرح کی فلموں کے لیے جانا جاتا ہے جیسے دو بھائیوں کی کہانی، باپ بیٹے کی کہانی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ کہانیاں ایسی نہیں جنھیں آپ مس کریں۔ آپ تلاش کرنے جائیں گے تو آپ کو ہزاروں ایسی کہانیاں ملیں گی۔‘