سلمان خان کو دبئی جانے کی اجازت مل گئی

،تصویر کا ذریعہEPA
بمبئی ہائی کورٹ نے بالی وڈ سٹار سلمان خان کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔
سلمان خان نے دبئی میں ہونے والے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے عدالت میں اپیل داخل کی تھی۔
خیال رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں 12 سال پرانے مقدمے کی سماعت کے دوران ممبئی کی ایک عدالت نے سلمان خان کو پانچ سال کی قید کی سزا سنائی تھی اور بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی تھی۔
<link type="page"><caption> سلمان خان کی ضمانت منظور اور سزا معطل</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/entertainment/2015/05/150508_salman_khan_sentence_suspended_zs" platform="highweb"/></link>
ممبئی کی ہائی کورٹ نے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے افراد پر گاڑی چڑھانے کے معاملے میں اداکار سلمان خان کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں دی جانے والی پانچ سال قید کی سزا کو اپیل پر فیصلے تک کے لیے معطل کر دیا تھا۔
منگل کو بیرون ملک جانے کی اجازت کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے ایک رکنی بنچ نے انھیں بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
جسٹس شالنی پھنسالکر جوشی نے اپیل کی سماعت کرتے ہوئے سلمان خان کے حق میں فیصلہ سنایا۔
اب وہ 29 مئی کو دبئی میں ہونے والی تقریب میں شرکت کر سکیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھیں یہ اجازت 27 سے 30 مئی کی مدت کے لیے دو لاکھ روپے ضمانت پر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انھیں متحدہ عرب امارات میں بھارتی قونصل خانے کو وہاں پہنچنے کی اطلاع دینی ہوگی اور واپسی پر 12 گھنٹے کے اندر انھیں ممبئی میں پولیس سٹیشن میں اپنا پاسپورٹ جمع کرانا ہو گا۔
انھیں اس کے لیے عدالت میں اپنے سفر کی تفصیلات بھی پیش کرنی پڑیں جن میں پرواز کی ساری تفصیلات شامل تھیں۔

،تصویر کا ذریعہEPA
عرب اِنڈو بالی وڈ ایوارڈز نے اس سے قبل تقریب میں سلمان خان کی شرکت کی تصدیق کی تھی۔
سلمان خان کا شمار بالی وڈ کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے اور ان کے لاتعداد مداح ہیں۔ وہ 80 سے زائد ہندی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
اس سے قبل البستان گروپ کے ورن، جو عرب انڈو بالی ایوارڈ پہلی مرتبہ منعقد کروارہے ہیں، کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے گذشتہ ہفتے اپنی شرکت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ’انھیں بیرون ملک سفر کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ درپیش نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ 29 مئی کو دبئی پہنچیں گے اور دو ڈانس پرفامنس دیں گے۔ ان کا نام تقریب کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔







