سلمان خان دبئی ایوارڈ شو میں شرکت کر سکیں گے؟

سلمان خان نے بمبئی ہائی کورٹ میں 29 مئی کو دبئی سفر کرنے کی درخواست دائر کی ہے

،تصویر کا ذریعہunknown

،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے بمبئی ہائی کورٹ میں 29 مئی کو دبئی سفر کرنے کی درخواست دائر کی ہے

بھارت میں مجرم قرار دیے جانے والے بالی وڈ اداکار سلمان خان منتظمین کے مطابق دبئی کے ایک ایوارڈ شو میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے تاحال ان کے بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت کے بارے میں فیصلہ نہیں سنایا گیا۔

سلمان خان کو ’ہٹ اینڈ رن‘ کیس میں ایک بے گھر شخص کو قتل کرنے کے جرم میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی گئی تھی تاہم انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انھوں نے بمبئی ہائی کورٹ میں 29 مئی کو دبئی سفر کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

عرب انڈو بالی وڈ ایوارڈز کا کہنا ہے کہ سلمان خان نے گذشتہ ہفتے اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔

سلمان خان کا شمار بالی وڈ کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے اور ان کے لاتعداد مداح ہیں۔ وہ 80 سے زائد ہندی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

ان کی سزا کو معطل کیے جانے کے فیصلے کو سلمان خان کے مداحوں نے خوش آئند قرار دیا تھا تاہم دیگر افراد کا کہنا تھا بہت سارے لوگوں کے مقدمات اس طرح خارج نہیں ہوتے۔

چھ مئی سلمان خان کو غیر ارادی قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔

سلمان خان کی سزا کو معطل کیے جانے کے فیصلے کو ان کے مداحوں نے خوش آئند قرار دیا تھا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کی سزا کو معطل کیے جانے کے فیصلے کو ان کے مداحوں نے خوش آئند قرار دیا تھا

سلمان خان پر الزام تھا کہ انھوں نے ستمبر 2002 کی رات اپنی گاڑی ممبئی میں سڑک کے کنارے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی جس سے ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔

آٹھ مئی کو سلمان خان کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں دی گئی پانچ سال قید کی سزا اپیل پر فیصلے تک کے لیے معطل کر دی گئی تھی۔

پریس ٹریس آف انڈیا کے مطابق ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ اداکار کو ملک سے باہر جانے کے لیے عدالت سے اجازت لینا ہوگی۔

تاہم البستان گروپ کے ورن جو عرب انڈو بالی ایوارڈ پہلی مرتبہ منعقد کروارہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سلمان خان نے گذشتہ ہفتے اپنی شرکت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ’انھیں بیرون ملک سفر کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ درپیش نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ 29 مئی کو دبئی پہنچیں گے اور دو ڈانس پرفامنس دیں گے۔ ان کا نام تقریب کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سلمان خان نے بدھ کو درخواست دائر کی ہے اور امید ہے اس کی سماعت اگلے ہفتے ہوگی۔