’خوشی سے کوئی فٹ پاتھ پر نہیں سوتا‘

سلمان خان کے حق میں بات کرنے والوں نے ان کے خیراتی کاموں کی جانب توجہ دلائی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کے حق میں بات کرنے والوں نے ان کے خیراتی کاموں کی جانب توجہ دلائی

بھارت ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی سلمان خان کی گرفتاری اور اس کے بعد ضمانت بہت بڑی خبر ہے اور اگر سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلوں دیکھیں تو آج اس سے اہم کوئی اور خبر نظر نہیں آتی۔

سلمان خان کی سزا کے نتیجے میں ایک نئی بحث بھی چھڑ گئی ہے کہ جو بے گھر ہے کیا اس کا سڑک پر سونا جائز ہے؟ کیا یہ اپنی جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف نہیں؟ اگر اس کے نتیجے میں موت واقع ہو تو کس کا قصور ہے؟

پاکستان میں سلمان کیس کے فیصلے پر ہزاروں تبصروں کا نتیجہ ہے کہ یہ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے جبکہ بھارت میں SalmanGuilty# ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

بالی وڈ ستاروں نے اس خبر پر اپنے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر تبصرے کیے جن میں اس پر دکھ اور تکلیف کا اظہار کیا اور سلمان خان کے خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔

ہدایت کارہ فرح خان نے کہا کہ ’سلمان خان کے لیے دعائیں اور ان کے خاندان کے لیے بھی جو اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں۔ خدا عظیم ہے اس پر ایمان رکھیں۔‘

کرن جوہر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’میں صرف جذباتی انداز میں اس پر ردِ عمل لکھ سکتا ہوں۔ میری دعائیں ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ اُن کے لیے ہمت کی دعا ہے۔‘

فلمی ستاروں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی ضرور کریں مگر اپنے آپ کو انسانیت سے دور نہ کریں۔ کوئی بھی اپنی خوشی سے فٹ پاتھ پر نہیں سوتا‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنفلمی ستاروں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی ضرور کریں مگر اپنے آپ کو انسانیت سے دور نہ کریں۔ کوئی بھی اپنی خوشی سے فٹ پاتھ پر نہیں سوتا‘

اداکارہ صوفی چوہدری نے لکھا کہ ’میں قانون کا احترام کرتی ہوں مگر سلمان خان اور ان کے خاندان نے کئی لوگوں کی امداد کی اور ان کے دل بہت فیاض ہیں۔ بہت تکلیف دہ ہے۔ خدا انھیں ہمت دے۔‘

اداکارہ بپاشا باسو نے لکھا کہ سلمان خان وہ شخص ہیں جنھوں نے غریبوں کی ہمیشہ مدد کی جنھوں نے بہت زیادہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کیا ہے اور اس پیشے میں کام کرنے والوں میں سب سے اچھے انسانوں میں سے ہیں۔ میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔‘

بھارت میں دہلی سے تعلق رکھنے والے کپل گپتا نے لکھا کہ ’حادثے ہو جاتے ہیں اور لوگوں کو فٹ پاتھوں پر نہیں سونا چاہیے۔ سلمان غیر ذمہ داری اور شراب کے نشے کی حالت میں ان پر چڑھ دوڑے۔ حمایتیوں کو ایک بار پھر سوچنا چاہیے۔‘

روندر سنگھ نے ٹویٹ کی کہ ’ایک فلمی ستارے کے ساتھ اظہارِ ہمدردی ضرور کریں مگر اپنے آپ کو انسانیت سے دور نہ کریں۔ کوئی بھی خوشی فٹ پاتھ پر نہیں سوتا۔‘