دیپکا ’پیکو‘ کی کامیابی سے سرشار

عاطف اسلم بھارت اور پاکستان دونوں جگہ بے حد مقبول ہیں

،تصویر کا ذریعہAtif

،تصویر کا کیپشنعاطف اسلم بھارت اور پاکستان دونوں جگہ بے حد مقبول ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار جیکی شروف کے بیٹے ٹائيگر شروف ایک بار پھر نظر آنے والے ہیں لیکن بہ انداز دیگر۔

خیال رہے کہ بالی وڈ میں وہ فلم ’ہیرو پنتی‘ سے لانچ ہوئے تھے لیکن اس کے بعد تقریبا سین سے غائب ہی رہے۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈاپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/05/150516_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

اس بار وہ گیتوں کے ایک البم ’زندگی آ رہا ہوں میں‘ میں نظر آنے والے ہیں لیکن اس میں آواز کا جادو پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے جگایا ہے۔

اس البم کے لیے احمد خان نے ہدایت دی ہے جبکہ اسے ارمان ملک نے کمپوز کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق لانچ کے بعد سے اس ٹریک کو ابھی تک ایک لاکھ سے زیادہ بار سنا جا چکا ہے۔

ارمان ملک کا کہنا ہے ’یہ وہ گیت ہیں جسے صرف عاطف اسلم ہی گا سکتے تھے۔ میں نے جب یہ دھن بنائی تھی تو یہ سوچا تھا کہ عاطف اسلم جیسی کوئی آواز اس گیت کو گائے گی لیکن مجھے پتہ نہیں کہ عاطف اسلم خود ہی اس گیت کو آواز دیں گے۔

’میں نے ان کو ذہن میں رکھ کر یہ گیت تیار کیا۔ عاطف ہر گیت نہیں گاتے وہ بہت چوزی ہیں لیکن جب ہم نے انھیں یہ گیت ارسال کیا تو انھوں نے حامی بھر لی۔‘

پیکو کی کامیابی پر دیپکا کی تعریف

دیپکا پاڈوکون کی فلم فلم ’پیکو‘ کے لیے ان کے قریبی دوست رنویر سنگھ نے تعریف کی ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندیپکا پاڈوکون کی فلم فلم ’پیکو‘ کے لیے ان کے قریبی دوست رنویر سنگھ نے تعریف کی ہے

بالی وڈ کے اداکار رنویر سنگھ نے فلم ’پیکو‘ کو دیپکا پاڈوکون کے کریئر کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔

بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق رنویر سنگھ نے اپنے ٹوئٹ میں اپنی بظاہر دوستی کی جانب اشارہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ان دونوں کے قریبی رشتوں کی بازگشت بالی وڈ میں سنی جا رہی تھی۔

رنویر اور پیپکا نے ایک ساتھ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’رام لیلا‘ کی تھی جبکہ دونوں ایک بار پھر تاریخی محبت نامے پر مبنی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ میں نظر آئیں گے۔

دوسری جانب دیپکا نے ایک انٹرویو میں فلم کی زبردست تعریف کو حوصلہ افزا کہا ہے۔

انھوں نے ہندوستان ٹائمز کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں کہا ’جب سے شوجیت نے یہ فلم مجھے آفر کی اس وقت سے میں اس کے ساتھ جذباتی طور پر منسلک ہوں۔‘

گذشتہ دنوں فلم کی کامیابی کی خوشی میں پروگرام ہوا جس میں اس فلم سے منسلک اداکاروں کے علاوہ بہت سے لوگ شامل تھے۔

عمران خان کنگنا کے معترف

کنگنا کی فلم ’تنو ویڈز منو‘ کے سیکوئل کی ان دنوں دھوم ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکنگنا کی فلم ’تنو ویڈز منو‘ کے سیکوئل کی ان دنوں دھوم ہے

جیکی شروف کے بیٹے ٹائیگر کی طرح عامر خان کے بھانجے عمران خان بہت دنوں سے فلموں کی ہلچل سے دور رہے لیکن اب وہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔

وہ اپنی فلم ’کٹی بٹی‘ کے بارے میں بہت پر امید ہیں اور اپنی کو سٹار کنگنا راناوت کی تعریف کرتے نہیں تھکتے۔

دراصل فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کی ناکامی کے بعد وہ نظر نہیں آئے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ کرینہ کپور تھیں۔

ویسے کنگنا نے گذشتہ دنوں اپنی اچھی اداکاری کی وجہ سے فلم ناظرین اور ناقدین دونوں سے پزیرائی حاصل کی ہے۔

ایک پروگرام میں عمران نے کہا: ’ہماری فلم کٹی بٹی کی شوٹنگ تقریبا ختم ہو چکی ہے اور یہ فلم ستمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔‘

انھوں نے کنگنا کے بارے میں کہا: ’وہ کمال کی اداکارہ ہیں۔ وہ اپنے کردار اور اپنی اداکاری پر اس قدر محنت کرتی ہیں کہ ان کی عزت نہ کرنا نامکنات میں شامل ہے۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ فلم کا ٹریلر بھی جلد ہی سامنے آنے والا ہے۔