دوستی، محبت اور اب شادی

دونوں اداکاروں نے ایک ساتھ تین فلموں میں کام کیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشندونوں اداکاروں نے ایک ساتھ تین فلموں میں کام کیا ہے

بالآخر بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے معروف اداکارہ قطرینہ کیف کے ساتھ اپنی شادی کی بات پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔

اور اب تقریباً چار سال سے جاری ان کی دوستی پروان چڑھتے چڑھتے شادی کے مرحلے تک پہنچ رہی ہے۔

ایک بھارتی اخبار کو دیے جانے والے انٹرویو میں رنبیر کپور نے شادی کی بات تسلیم کی جس سے اب یہ امید کی جا سکتی ہے کہ ان دونوں کی شادی کے بارے میں ہونے والی قیاس آرائیوں میں کمی واقع ہو جائے گي۔

رنبیر کپور نے آنند بازار پتریکا نامی اخبار میں شائع اپنے انٹرویو میں کہا: ’اس سال ہم دونوں بہت مشغول ہیں تو شادی کے لیے وقت نہیں نکل پائے گا۔ لیکن ہم نے اگلے سال کے آخر تک شادی کے رشتے میں بندھنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ہم دونوں اس پر راضی ہیں۔‘

دونوں کی پہلی فلم عجب پریم کی غضب کہانی تھی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشندونوں کی پہلی فلم عجب پریم کی غضب کہانی تھی

رنبیر نے مزید کہا: ’اب ہم دونوں تیار ہیں اور اگر ہم اب بھی اس رشتے کو قبول نہیں کریں گے تو یہ اس رشتے کی توہین ہوگی۔‘

رنبیر نے کہا: ’میں 33 سال کا ہوں اور یہ شادی کی صحیح عمر ہے، ہاں گپ شپ میں کیا کہا جاتا ہے اس سے میرا کوئی واسطہ نہیں ہے۔‘

رنبیر نے بتایا کہ یہ دونوں کے لیے ایک بڑا فیصلہ ہے جسے وہ خوب سوچ سمجھ کے لینا چاہتے تھے۔

حال ہی میں رنبیر اور کیٹ نے ممبئی کے باندرا کے علاقے میں ایک ساتھ رہنا شروع کر دیا تھا جس سے ان دونوں کی شادی کے بارے میں قیاس آرائیاں تیز ہو گئی تھیں۔

فلم راج نیتی ان دونوں کی دوسری فلم تھی

،تصویر کا ذریعہPrakash Jha Productions

،تصویر کا کیپشنفلم راج نیتی ان دونوں کی دوسری فلم تھی

جبکہ گذشتہ دنوں رنبیر نے قطرینہ کیف کو اپنے اہل خانہ سے ایک ریستوراں میں ڈنر پر ملوایا تھا اور اس کی تصویریں بھارتی اخباروں کی زینت بنی تھیں۔

دونوں نے ایک ساتھ اب تک تین فلمیں کی ہیں۔ پہلی فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ سنہ 2009 میں آئی تھی۔ اس کے بعد دونوں نے ’راجنیتی‘ میں ساتھ کام کیا اور پھر ’بامبے ٹاکیز‘ میں ساتھ نظر آئے۔