قطرینہ کیف کین فلمی میلے میں شرکت کے لیے پرجوش

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف پیرس میں ہونے والے کانز بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں اپنی شرکت کے متعلق بہت پرجوش ہیں۔
وہ مئی میں منعقد ہونے والے اس معروف فلم فیسٹیول میں ایک بین الاقوامی کاسمیٹک کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر شرکت کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ وہ لا او ریئل کاسمیٹکس کی نئی برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ ان سے قبل اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور سونم کپور اس فلم فیسٹیول میں ریڈ کارپٹ پر اپنے جلوے بکھیر چکی ہیں۔
31 سالہ قطرینہ کیف ایشوریہ اور سونم کے ساتھ 12 دنوں تک جاری رہنے والے اس فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گی۔
بھارتی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق قطرینہ کیف نے کہا: ’میں کین فلم فیسٹیول میں لا اوریئل پیرس اور انڈیا کی نمائندگی کرنے کے بارے میں بہت پرجوش ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہ
انھوں نے مزید کہا: ’ایک اداکارہ کے طور پر ایک ایسی تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے باعث تحریک ہے جہاں سینیما کے ہر پہلو کا جشن منایا جاتا ہے۔
’لا او ریئل کی برانڈ سفیر کے طور پر میں عالمی سطح کی دوسری سفیروں سے ملنے کے لیے بیتاب ہوں۔‘
اس موقعے پر سونم کپور نے کہا کہ انھیں یہ اعتماد ہے اس پسندیدہ فیسٹیول میں قطرینہ کا پہلی بار شامل ہونا یادگار رہے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا: ’قطرینہ ایک شاندار شخصیت کی مالک ہیں اور ان کا مخصوص انداز لوگوں کو متوجہ کرے گا۔ وہ فرانسیسی لوگوں کو اپنی چمک دمک سے مسحور کر لیں گی۔ میں وہاں ان سے ملنے کے لیے انتظار نہیں کر سکتی۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
انھوں نے کہا:’ میں انڈیا کی نمائندگی کرنے پر خوش ہوں۔ ہم دونوں اس گلیمر، تنوع، خوبصورتی اور صلاحیت کا مظاہرہ کریں گے جس کے لیے بھارت کی پہچان ہے۔‘
کین کا یہ فلمی میلہ رواں سال مئی 13 سے 24 تک جاری رہے گا۔







