ہٹ اینڈ رن: سلمان خان کا فیصلہ چھ مئی کو

سلمان خان اپنے وکیل کے ساتھ مقدمے کی سماعت کے لیے آتے ہوئے کار میں دیکھے گئے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان اپنے وکیل کے ساتھ مقدمے کی سماعت کے لیے آتے ہوئے کار میں دیکھے گئے

سنہ 2002 کے ’ہٹ اینڈ رن‘ معاملے میں بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان پر چھ مئی کو فیصلہ سنایا جائے گا۔

اس بات کا اعلان ممبئی کی ایک عدالت نے کیا ہے۔

اس حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی تھی جبکہ چار ديگر زخمی ہوئے تھے۔

بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان پر الزام ہے کہ وہ نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہے تھے۔ گاڑی کنٹرول سے باہر ہونے کی وجہ سے فٹ پاتھ پر سونے والے بعض لوگ کچل گئے تھے۔

لیکن سلمان خان نے عدالت میں کہا کہ نہ تو وہ نشے میں تھے اور نہ ہی گاڑی چلا رہے تھے۔ انھوں نے اس سے بھی انکار کیا تھا کہ وہ حادثے کے بعد جائے حادثہ سے فرار ہوئے تھے۔

سلمان کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ عینی شاہدین میں سے ایک روندر پاٹل کے بیان کو قبول نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ان کی موت ہو چکی ہے۔

اس معاملے میں حال میں ایک موڑ اس وقت آیا جب سلمان خان کے ڈرائیور اشوک سنگھ نے یہ بیان دیا کہ حادثے کے وقت وہ گاڑی چلا رہے تھے۔

سلمان نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے ہی اپنے ڈرائیور سے کہا تھا کہ وہ پولیس کو مطلع کریں۔ سلمان نے عدالت کے سامنے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ وہاں 15 منٹ تک رکے رہے۔

سلمان خان پر اس مقدمے کے علاوہ کالے ہرن کے شکار کا علیحدہ مقدمہ ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان پر اس مقدمے کے علاوہ کالے ہرن کے شکار کا علیحدہ مقدمہ ہے

حادثے کے ایک عینی شاہد نے ممبئی کی ٹرائل کورٹ کو پچھلی سماعت کے دوران نو اکتوبر کو کہا تھا کہ ڈرائیور کی سیٹ پر سلمان خان بیٹھے تھے۔

جوہو کے جےڈبليو میریئٹ ہوٹل کے اس اہلکار نے سلمان کی شناخت گاڑی ڈرائیور کے طور پر کی تھی۔

انھوں نے بتایا تھا کہ پارکنگ سٹاف کے طور پر انھوں نے دیکھا تھا کہ جب سلمان کی لینڈ کروزر ہوٹل سے نکلی تھی تب وہ اسے چلا رہے تھے، جبکہ سلمان کے باڈی گارڈ ان کے دائیں جانب بیٹھے تھے اور گلوکار کمال خان عقبی سیٹ پر تھے۔

سلمان خان کا کہنا ہے کہ ان کی جانب کا دروازہ مقفل ہو گیا تھا، اس لیے وہ ڈرائیور کی طرف سے گاڑی سے اترے تھے۔

چند دنوں قبل سماعت کے دوران سلمان کے وکیل نے جج کو بتایا کہ اس واقعے میں لوگ شدید زخمی نہیں ہوئے تھے بلکہ جب ان کی کار کو ایک کرین کی مدد سے ہٹایا جا رہا تھا تو متاثرہ افراد اس کی زد میں آ گئے تھے۔

ہٹ اینڈ رن معاملے کے گمشدہ دستاویزات کے ملنے کے بعد گذشتہ 24 ستمبر سے معاملے کی سماعت دوبارہ نئے سرے سے شروع ہوئی۔

اس معاملے میں پہلے سلمان پر لاپروائی سے گاڑی چلانے کا معاملہ زیر سماعت تھا لیکن اب 49 سالہ اداکار پر غیر ارادی قتل کا الزام ہے۔