لاس اینجیلس میں ہیریسن فورڈ کے طیارے کی کریش لینڈنگ

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہالی وڈ کے مشہور اداکار ہیریسن فورڈ لاس اینجیلس میں طیارے کے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔
انڈیانا جونز اور سٹار وارز سیریز کی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے 72 سالہ فورڈ خود اپنا طیارہ اڑا رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ان کے طیارے نے انجن کی خرابی کی وجہ سے سانتا مونیکا ہوائی اڈے کے نزدیک واقع وینس گولف کورس میں کریش لینڈنگ کی۔
لاس اینجیلس کے فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان پیٹرک بٹلر نے کہا کہ انہیں جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر طیارے کے حادثے سے متعلق ایک ایمرجنسی کال ملی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ طیارے میں ایک 70 سالہ زخمی شخص موجود تھا جو ہوش میں تھا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں ہیریسن فورڈ کے سر میں چوٹ لگی ہے اور انہیں ایک مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
ان کے بیٹے بین نے جو لاس اینجیلس میں شیف ہیں، ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ ’میرے والد ٹھیک ہیں، وہ ہل کر رہ گئے ہیں لیکن ٹھیک ہیں۔‘
ہیریسن فورڈ کا طیارہ سانتا مونیکا کے ہوائی اڈے سے ہی اڑا تھا لیکن فوری طور پر انجن میں خرابی کی وجہ سے اس نے واپسی کی لیکن رن وے تک نہ پہنچ سکا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







