لوپیتا نیونگو کا ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا لباس چوری ہو گیا

جریدے پیپل نے لپیتا کو 2014 کی خوبصورت ترین خاتون قرار دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجریدے پیپل نے لپیتا کو 2014 کی خوبصورت ترین خاتون قرار دیا تھا۔

ہالی وڈ کی اداکارہ لوپیتا نیونگو کا پہنا ہوا کیلون کلائن کا ڈیڑھ لاکھ مالیت کا لباس چوری ہو گیا ہے۔

لوپیتا کا یہ لباس کیلون کلائن کلیکشن کے لیے فرانچیسکو کوسٹا نے تیار کیا تھا اور اسے اداکارہ نے آسکر ایوارڈز کی تقریب میں پہنا تھا۔

اس لباس پر 6000 قدرتی سفید موتی جڑے ہوئے تھے اور اسے جنوبی ہالی وڈ کے لندن ہوٹل کے کمرے سے چرا لیا گیا جب نیونگو کمرے سے باہر تھیں۔

کینیا سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نے گذشتہ سال ’12 ایئر آ سلیو‘ فلم میں بہترین معاون اداکارہ کا اسکر حاصل کیا تھا اور اس سال انہوں نے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ پیش کیا۔

جریدے پیپل نے انہیں 2014 کی خوبصورت ترین خاتون قرار دیا تھا۔

مقامی پولیس اہلکار لیفٹنٹ ولیم نیش نے کہا کہ لباس بدھ کی شام کو چوری ہوا اور اہلکار سی سی ٹی وی کی فلم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سرخ قالین پر اتوار کے دن 31 سالہ نیونگو نے اے پی کو بتایا کہ ’میں اپنے ہیرے اور موتی پہنے ہوئے ہوں گلوکار پرنس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے۔‘

انہوں نے لباس کے بارے میں بتایا کہ ’ہم نے اس کے بارے میں بات کی کہ یہ مادہ کی طرح سیال ہو اور میں چاہتی تھی کہ یہ سمندر کو خراج تحسین پیش کرتا ہو۔‘

اس چوری کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ جبکہ کیلون کلائن نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔