ریکھا بہار کی وزارت سیاحت کی ’پہلی پسند‘

ریکھا بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیں اور ملک کے طول و عرض میں ان کے مداح ہیں

،تصویر کا ذریعہJayesh Seth

،تصویر کا کیپشنریکھا بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیں اور ملک کے طول و عرض میں ان کے مداح ہیں

بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار کی حکومت بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور راجیہ سبھا یعنی ایوان بالا کی رکن ریکھا کو اپنا برانڈ ایمبیسڈر بنانا چاہتی ہے۔

دراصل بہار حکومت ریاست میں سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور سیاحت کی ریاستی وزارت کو ایک برانڈ ایمبیسڈر کی تلاش ہے۔

وزارت سیاحت کو اس بات کا یقین ہے کہ بالی وڈ کی سنہ 1970 اور 80 کی دہائی کی معروف اداکارہ ریکھا کی مقبولیت ان کے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

ریاست کے وزیر سیاحت ڈاکٹر جاوید اقبال انصاری کا کہنا ہے کہ ’برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر ریکھا محکمے کی پہلی پسند ہیں۔

وزیر سیاحت کے مطابق انھوں نے حکام کو ان سے رابطہ کرنے کے لیے ہدایت دی ہے۔‘

ریکھا اپنی منفرد اداکاری کے لیے معروف ہیں

،تصویر کا ذریعہJayesh Seth

،تصویر کا کیپشنریکھا اپنی منفرد اداکاری کے لیے معروف ہیں

وزیر سیاحت کے مطابق ریکھا اگر برانڈ ایمبیسڈر بنتی ہیں تو صوبے میں سیاحوں کی آمد میں 10 سے 20 فیصد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

ریاست بہار میں بھارت کے اہم مذاہب بودھ، جین، سکھ اور ہندو مذہب سے متعلق کئی اہم مقامات ہیں۔

سیاحت کو ریاست میں صنعت کا درجہ حاصل ہے اور رواں دہائی کے دوران بہار آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سیاحت کے شعبے کے مطابق سنہ 2005 میں تقریباً 63 ہزار غیر ملکی سیاح بہار آئے تھے جبکہ سنہ 2013 میں ان کی تعداد بڑھ کر تقریباً آٹھ لاکھ ہو گئی۔

واضح رہے کہ ریکھا بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیں اور ملک کے طول و عرض میں ان کے مداح ہیں۔