’تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا صاحب، پیار سے لگتا ہے۔‘

فلم ’سلسلہ‘ ایک ساتھ دونوں کی آخری فلم تھی

،تصویر کا ذریعہAFP HOTURE

،تصویر کا کیپشنفلم ’سلسلہ‘ ایک ساتھ دونوں کی آخری فلم تھی

سنہ 1970 اور 80 کی دہائیوں میں بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ ریکھا کے مبینہ رومانس پر کئی کہانیاں اور شہ سرخیاں بنی تھیں۔

تاہم ان دنوں سٹارز نے نہ کبھی بھی اس کا اعتراف کیا اور نہ ہی اس کی پرزور تردید ہی کی۔

حالیہ واقعات سے بہ ظاہر یہ نظر آتا کہ امیتابھ کے ساتھ اپنی سپر ہٹ فلموں والے دور کو ریکھا آج بھی نہیں بھولی ہیں۔

گذشتہ ہفتے جب اپنی آنے والی فلم ’سپرنانی‘ کے پروموشن کے لیے ریکھا ٹی وی شوز ’بگ باس‘ اور ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ میں گئیں تو بطور خاص یہ بات نظر آئی۔

سلمان خاں کی میزبانی والے ریئلیٹی شو ’بگ باس‘ میں جیسے ہی ریکھا داخل ہوئیں تو امیتابھ کے ساتھ ان پر فلمائے جانے والے گیت پر’دیسيا، یہ سچ ہے پیا‘ بجایا گیا۔

پھر امیتابھ اور ریکھا کی فلم ’سہاگ‘ کے نغمے ’اٹھرہ برس کی تو‘ پر شو کے میزبان سلمان خان کے ساتھ ریکھا نے رقص کیا۔

کامیڈی نائٹس میں ریکھا نے اپنی پرانی فلموں کے گیت گائے

،تصویر کا ذریعہcolors

،تصویر کا کیپشنکامیڈی نائٹس میں ریکھا نے اپنی پرانی فلموں کے گیت گائے

جب سلمان نے ریکھا سے اپنی فلم ’دبنگ‘ کے ایک مکالمے کی فرمائش کی تو ریکھا نے کہا: ’تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا صاحب، پیار سے لگتا ہے۔‘

’بگ باس‘ میں شرکت کرنے والے اداکار پنيت اسّر نے ریکھا کی شان میں جب ایک شعر پڑھا تو ریکھا نے کہا: ’اور کتنے گناہ کریں گے آپ! خدا گواہ ہے۔‘

واضح رہے کہ فلم ’قلی‘ کی شوٹنگ کے دوران پنيت اسّر کے ساتھ ایک فائٹ سیکوئنس کرتے ہوئے امیتابھ بچن زخمی ہو گئے تھے۔

گذشتہ برس ایک پروگرام کے دوران جیا بچن اور ریکھا کی نادر ملاقات ہوئی تھی

،تصویر کا ذریعہScreen Awards

،تصویر کا کیپشنگذشتہ برس ایک پروگرام کے دوران جیا بچن اور ریکھا کی نادر ملاقات ہوئی تھی

’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ میں ریکھا پر امیتابھ بچن کا ’جادو‘ واضح طور پر نظر آ رہا تھا۔

ریکھا نے فلم ’مقدر کا سکندر‘ کا نغمہ ’سلام عشق‘ کے ساتھ ’سلسلہ‘ سے ’رنگ برسے‘ اور ’نیلا آسمان سو گیا‘ جیسے گیت بھی گائے۔

واضح رہے کہ ’سلسلہ‘ ایک ساتھ دونوں کی آخری فلم تھی۔