ریکھا امیتابھ کی نقل اتارتی نظر آئیں گی

امیتابھ بچن اور ریکھا کے مابین رشتے میں بالی وڈ فلم بینوں کی دلچسپی رہی ہے
،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن اور ریکھا کے مابین رشتے میں بالی وڈ فلم بینوں کی دلچسپی رہی ہے

ریکھا اور امیتابھ کا شمار بالی وڈ کی معروف ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے اور ایک عرصے سے ان دونوں کے ایک بار پھر سے ساتھ آنے کی باتیں کی جاتی رہی ہیں۔

ہر چند یہ نہ ہو سکا لیکن ایک دلچسپ بات سامنے آئي ہے۔

اداکارہ ریکھا کی فلم ’سپر نانی‘ ایک عرصے تک التوا میں رہنے کے بعد اس سال ریلیز کی جا رہی ہے، اور اطلاعات کے مطابق اس فلم کے ایک سین میں ریکھا امیتابھ بچن کی نقل کرتی نظر آئیں گی۔

وہ امیتابھ بچن کی فلم ’اگنی پتھ‘ کے مختلف انداز میں ادا کیے جانے والے مکالمے ’ہائیں‘ کی نقل کریں گی۔

’سپر نانی‘ میں نانی کا کردار ریکھا ادا کر رہی ہیں اور ان کے ناتی کا کردار شرمن جوشی ادا کر رہے ہیں۔ شرمن جوشی فلم میں ریکھا کو ماڈل بنانے کے لیے تیار کرتے ہیں۔

’زندگی کا اہم حصہ ہیں رنبیر

قطرینہ کیف اور رنبیر کپور کے رشتوں کے بارے میں بھی بالی وڈ فلم شائقین میں دلچسپی پائی جاتی ہے
،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف اور رنبیر کپور کے رشتوں کے بارے میں بھی بالی وڈ فلم شائقین میں دلچسپی پائی جاتی ہے

بالی وڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف اور رنبیر کپور اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ نہیں بولتے تاہم ایک اخبار کو حال میں دیے جانے والے ایک انٹرویو میں قطرینہ کیف نے اعتراف کیا ہے کہ رنبیر کپور ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔

قطرینہ نے کہا: ’میں ابھی شادی نہیں کرنے جا رہی ہوں اور نہ ہی میں نے اس بارے میں ابھی سوچا ہے۔‘

گذشتہ سال قطرینہ اور رنبیر کی چھٹیوں کی تصاویر کے افشا ہو جانے سے وہ بے حد خفا تھیں۔

قطرینہ نے اس بابت کہا: ’مجھے برا لگا تھا، میڈیا کو اس طرح میری پرسنل زندگی میں نہیں جھانکنے کا حق نہیں ہے۔‘

سلمان نے اب سنیل کے بیٹے کا ہاتھ تھاما

سلمان خان کی حالیہ فلم کک نے اس سال اب تک سب سے زیادہ بزنس کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کی حالیہ فلم کک نے اس سال اب تک سب سے زیادہ بزنس کیا ہے

ایسا دکھائی دیتا ہے کہ بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے تمام بچوں کو سلمان خان نے باری باری چانس دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پہلے انھوں نے اداکار آدتیہ پنچولي کے بیٹے سورج پنچولی، پھر قطرینہ کیف کی بہن ایزابیلا اور ساتھی اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی اتھيا کو مواقع فراہم کیے اور اب انھوں نے سنیل کے بیٹے کو بھی لانچ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

سنیل کے بیٹے اہان نے امریکہ سے فلم کی تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ ابھی 19 سال کے ہیں اور سنیل چاہتے ہیں کہ اہان ابھی ایکٹنگ، فاٹنگ اور ہدایت کے شعبے میں فلم کورس مکمل کریں۔ لیکن وہ فلم میں آنا چاہتے ہیں اور انھیں سلمان خان کے ساتھ کئی پارٹیوں میں دیکھا گیا ہے۔