’اب کیا میں اور وراٹ حلف نامہ پیش کریں‘

،تصویر کا ذریعہFEMINA
گذشتہ دنوں بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی نے اداکارہ انوشكا شرما سے اپنی دوستی کا اعتراف کیا تھا۔
بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں انوشكا نے کہا تھا: ’جو بھی ہے، سب کے سامنے ہے۔ میں اس پر اب کچھ اور بات نہیں کروں گي۔‘
رواں ماہ 19 تاریخ کو انوشكا شرما اور عامر خان کی فلم ’پی کے‘ ریلیز ہونے والی ہے۔
اپنے اور وراٹ کے بارے انھوں نے کہا: ’ہم دونوں اگر ساتھ نظر آتے ہیں تو سب کو سمجھ میں آ ہی جانا چاہیے۔ اب کیا ہم انھیں حلف نامے پر دستخط کر کے دیں؟‘
عامر خان کی ہر فلم کی کہانی ریلیز سے پہلے بہت زیادہ صیغۂ راز میں رکھی جاتی ہے۔
انوشكا بھی اپنے کردار کے بارے میں زیادہ بتانے سے پرہیز کرتی ہیں۔ انھوں نے بتایا: ’میں ایک صحافی کا کردار ادا کر رہی ہوں اور اس سے زیادہ میں اور کچھ نہیں کہہ سکتی۔‘
فلم ’پی کے‘ میں انوشكا شرما کا حلیہ بھی قدرے مختلف ہے۔
اس کے بارے میں انوشكا نے بتایا: ’میری شکل میں تبدیلی کے پیچھے ہدایت کار راجکمار ہیرانی کا ہاتھ ہے۔ میں نے بہت سی وگیں آزمائیں، آخر کار یہ چھوٹے بالوں والی وگ سب کو پسند آئی اور میرے کردار کے لیے جو حلیہ چاہیے تھا، وہ مل گیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہHOTURE
اپنے کو سٹار عامر خان کے بارے میں بات شروع کرتے ہی انشكا کی آنکھوں میں چمک آ گئي۔ انھوں نے بتایا: ’عامر خان بہت ذہین انسان ہیں۔ ان کا دماغ بہت ہی تیز ہے۔ وہ مشکل سے مشکل وقت میں بھی احتیاط برقرار رکھتے ہیں، جو مجھے بہت پسند ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’عامر اور میرے درمیان میں ہمیشہ ایک فاصلہ قائم رہا کیونکہ وہ میرے سینیئر ہیں۔ میں ان کے ساتھ ایک دوست کی طرح برتاؤ نہیں کر پائی۔ لیکن جو بھی تھا، مجھے بڑا مزہ آیا۔‘
انوشکا شرما فلم ’این ایچ 10‘ سے فلم ساز بھی بن گئی ہیں اور یہ فلم آئندہ سال ریلیز ہوگی۔







