سوشل میڈیا پر ہنگامہ کرنا فضول: کرینہ کپور

،تصویر کا ذریعہAP
بالی وڈ کی سرکردہ اداکاراؤں کو سوشل میڈیا پسند نہیں آ رہا ہے۔ پہلے قطرینہ کیف نے اور اب کرینہ کپور نے اس کے ضرورت سے زیادہ استعمال کو نامناسب قرار دیا ہے۔
قطرینہ کیف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ویب سائٹوں پر کئی بار لوگ گالی گلوچ پر اتر آتے ہیں اس لیے وہ ان سے بچتی ہیں۔
جب گذشتہ دنوں کرینہ ایک شیمپو کی تشہیر کے سلسلے میں میڈیا سے مخاطب ہوئیں تو انھوں نے کہا: ’سب کچھ ٹوئٹر اور فیس بک پر ہی طے ہو رہا ہے۔ محبت، رنجشیں، لڑائی، جھگڑے سب کچھ۔ لوگ یہیں پر ایکٹ اور ری ایكٹ کر رہے ہیں۔‘
بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ بیشتر اداکار، اداکارائیں اور پروڈیوسر سوشل میڈیا پر کافی فعال ہیں اور وہاں اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
کرینہ کے مطابق اگر فلم سٹار کو ایک دوسرے سے یا میڈیا سے کوئی پریشانی ہے تو فون کر کے مسائل کا حل کیا جانا چاہیے نہ کہ فیس بک اور ٹوئٹر جیسے ذرائع پر بات کا بتنگڑ بنانا چاہیے۔ کیونکہ اسے سب لوگ دیکھ لیتے ہیں۔
کرینہ نے مزید کہا: ’شاید اسی وجہ سے فن کار میڈیا کی اور میڈیا فنکاروں کی عزت نہیں کرتا۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
انھوں نے کہا: ’اور تو اور، اب ہم لوگوں کو فون ہی نہیں کرتے۔ ٹوئٹر یا فیس بک پر ہی ایک دوسرے سے باتیں کر لیتے ہیں۔‘
حال ہی میں بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون اور بھارت کے انگریزی اخبار دا ٹائمز آف انڈیا کے درمیان دیپکا کی ایک تصویر اور اس کے متعلق ٹویٹ پر بہت ہنگامہ اٹھ کھڑا ہوا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کرینہ نے اپنے شوہر سیف علی خان کے ساتھ ’ٹشن،‘ ’قربان‘ اور ’ایجنٹ ونود‘ جیسی فلمیں کیں لیکن تینوں ہی فلمیں فلاپ ہوگئیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ آئندہ اپنے شوہر سیف علی خان کے ساتھ فلمیں نہیں کریں گی۔







