داستان نصیر الدین شاہ کی اور پریتی، سلمان ساتھ ساتھ
داستان نصیر الدین شاہ کی

نصیر الدین شاہ کے دو بیٹوں عماد اور ووان کو تو آپ نے تصاویر کے ذریعے دیکھا ہوگا لیکن کیا آپ کو یہ علم ہے کہ ان کی سب سے بڑی اولاد ایک بیٹی ہے۔
بیٹی کا نام ہبہ ہے جسے نصیر نے برسوں تک نہیں اپنایا۔ اس کی وجہ کیا تھی اور کون تھیں وہ خاتون جن کے ساتھ نصیر کی پہلی شادی ہوئی تھی۔
اس طرح کی کئی باتیں جن کے بارے میں نصیر کے سوا کوئی نہیں جانتا تھا اب عام ہیں۔
اپنی بے باک سوانح عمری ’اینڈ دین ون ڈے: اے میموائر‘ میں انھوں نے زندگی کے ان پہلوؤں کو کھول کر رکھ دیا ہے جس پر اس سے پہلے شاید ہی کبھی بات ہوئی ہو۔
میرٹھ سے نکل کر نینی تال اور اجمیر کے کیتھولک سکولوں سے ہوتی ہوئی یہ کتاب تھیٹر اور ممبئی میں سٹار ڈم کی چکاچوند تک لے جاتی ہے۔
اس کے راستے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، نیشل سکول آف ڈرامہ، اور فلم اور ٹی وی کے دوسرے ادارے آتے ہیں جہاں سے نصیرالدین شاہ کی قسمت نے کروٹ لی۔
نصیرالدین شاہ نے اپنی اس کتاب میں ماں کی محبت، باپ کے ساتھ کشیدہ تعلقات، پہلا پیار، پہلی شادی اور پہلی بیٹی کے علاوہ فلمی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا ذکر بھی کیا ہے۔
امیتابھ کو مِیکا کا تحفہ

ممبئی کے ایک فائیوسٹار ہوٹل میں گلوکار مِیکا سنگھ کی نئی فلم ’بلوندر سنگھ فیمس ہو گیا‘ کے میوزک لانچ کا پروگرام جاری تھاکہ درمیان میں ہی بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن توقع کے مطابق آن پہنچے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد کیاتھا دیکھتے ہی دیکھتے پل بھر میں سارے کیمروں کا رخ میکا سنگھ کو چھوڑ بگ بی یعنی امیتابھ کی جانب پھر گیا۔
فوٹوگرافروں کے کیمروں کے فلیش کچھ اس سرعت کے ساتھ چمکنے لگے گویا چند ہی لمحوں میں ہزاروں تصاویر لی گئی ہوں۔
سٹیج پر جاری پروگرام بھی تھوڑی دیر کے لیے روک دیا گیا۔ مہمان خصوصی امیتابھ بچن کو فلم کا ٹریلر دکھایا گیا۔ میکا نے امیتابھ بچن سے گزارش کی کہ وہ ان کی فلم کو ’آشیرواد‘ دیں۔
بگ بی بھی میکا کی تعریف کرنے میں پیچھے نہیں رہے اور کہنے لگے: ’میں ایک عرصے سے تمہارے گیت سن رہا ہوں۔ میرا پورا خاندان تمہارا پرستار ہے۔‘
جاتے جاتے میکا نے امیتابھ بچن کا ہاتھ پکڑا اور اپنے ہاتھ سے ایک ہیرے کی انگوٹھی نکالی اور چپ چاپ امیتابھ بچن کی انگلی میں ڈال دی۔
امیتابھ نے قدر ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا اور پھر اس ہیرے کی انگوٹی کو نذرانہ سمجھ کر لے لیا۔
پریشان پریتی زنٹا اور سلمان ساتھ ساتھ

،تصویر کا ذریعہJaaneman
اپنے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا پر بدسلوکی کا کیس درج کرانے کے بعد پریتی زنٹا بھارتی میڈیا سے بچنے کے لیے امریکہ چلی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق اس دوران سلمان خان بھی امریکہ کے سفر پر ہیں اور انھیں پریتی زنٹا کے ساتھ کئی بار دیکھا گیا۔
میڈیا کے مطابق پریتی اور سلمان کو ایک ساتھ ڈنر کرتے اور شاپنگ مال میں گھومتے دیکھا گیا ہے۔
سلمان خان اور پریتی زنٹا پرانے دوست ہیں۔ پریتی کی خواہش پر سلمان نے ان کی ہوم پروڈکشن فلم ’عشق ان پیرس‘ میں ایک مہمان کردار بھی ادا کیا تھا۔







