امراؤ جان سے قبل ریکھا سے نہیں ملا تھا: مظفر علی

بالی وڈ کی عہد ساز فلم ’امراؤ جان‘ کے ہدایت کار مظفر علی مخصوص قسم کی فلمیں بنانے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔
اس فلم میں ریکھا نے مرزا ہادی رسوا کے ایک لازوال کردار امراؤجان کو انتہائی پرکشش انداز میں ادا کیا ہے۔
تاہم مظفر علی کا کہنا ہے کہ اپنی فلم کی ہیروئن کے لیے ریکھا کے انتخاب سے قبل کبھی اداکارہ ریکھا سے نہیں ملے تھے۔
حال ہی میں قومی سدبھاونا (خیر سگالی) ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے والے مظفر علی نے بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں کہا: ’چہرہ تو رفتہ رفتہ ڈھل جاتا ہے لیکن میں فلم سے پہلے ریکھا سے کبھی نہیں ملا تھا۔ ان کی جو فلمیں دیکھیں تھیں ان سے یہ سمجھ نہیں آیا کہ وہ کیا کر سکتی ہیں۔ ان کی ایک تصویر دیکھی تو دیکھ کر یہ احساس ہوا کہ ان میں وہ ادا ہے جو اس کردار کے درون کو باہر لا سکتی ہے۔‘
مظفرعلی کہتے ہیں کہ فلم بننے کے دوران ہی انھیں یہ احساس ہو چلا تھا کہ یہ ایک بڑی فلم ثابت ہوگی۔

،تصویر کا ذریعہfilm pr
گذشتہ تقریباً ایک دہائی سے فلمیں نہ بنا پانے کا ذکر چھڑنے پر وہ یوں گویا ہوئے: ’فلمیں بنانا آسان کام نہیں ہے۔ اس میں بہت سے پیسے چاہییں اور ہر پیسہ اپنی بو ساتھ لاتا ہے جو فلم میں سرایت کر جاتا ہے۔‘
مظفر علی کہتے ہیں کہ بہت ساری دقتوں کے بعد وہ اپنی حالیہ فلم ’رقص‘ پوری کر پائے ہیں جو ان کے مطابق ان کے معیار کی فلم ہے۔
واضح رہے کہ ’رقص‘ میں پاکستانی اداکار عمران عباس اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کشمیر میں ’زوني‘ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی تشدد کا ماحول شروع ہو جانے کی وجہ سے فلم رک گئی اور آج تک پوری نہیں ہو سکی۔
’زوني‘ کا پورا نہ ہونا ایک ایسا برا تجربہ تھا جس سے باہر آنے میں مظفر علی کے مطابق انھیں بہت وقت لگ گیا۔
مظفر علی ’زوني‘ کو اپنے ایک ادھورے خواب سے تعبیر کرتے ہیں تاہم وہ یہ بھی کہتے ہیں: ’میں نے امید کا دامن ابھی چھوڑا نہیں ہے۔ وہ فلم میں پوری ضرور کروں گا۔ کیسے کروں گا یہ ابھی پتہ نہیں ہے۔ لیکن کبھی نہ کبھی پوری ضرور کروں گا۔‘







