پرینکا نے بھوک پیاس سے لڑتے ہوئے شوٹنگ مکمل کی

فلم ’میری کام‘ بھارتی باکسر میری کام پر مبنی ہے اور اس میں میری کام کا کردار پرینکا چوپڑا نے نبھایا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفلم ’میری کام‘ بھارتی باکسر میری کام پر مبنی ہے اور اس میں میری کام کا کردار پرینکا چوپڑا نے نبھایا ہے

بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے کم وقت ہونے کے باوجود کام کو جلدی پورا کر کے عام طور پر ’لیٹ لطیف‘ تصور کیے جانے والے بالی وڈ کا ایک نیا رخ پیش کیا ہے۔

حال ہی میں انھوں نے اپنی ’میری کام‘ ٹیم کے ساتھ 16 گھنٹے بغیر کچھ کھائے پیے دھرم شالہ میں شوٹنگ مکمل کی۔ انھوں نے اس دوران اپنے عملے کے ساتھ نہ تو لنچ کیا اور نہ ہی ڈنر۔

وہاں شوٹنگ کے لیے حکام سے صرف ایک ہی دن کی اجازت ملی تھی اور پھر اسی دوران تیز بارش نے فلم کی پوری ٹیم کو ایک ہی دن میں وہاں کے سین فلمانے پر مجبور کر دیا۔

فلم ’میری کام‘ بھارتی باکسر میری کام کی زندگی پر مبنی ہے اور اس میں میری کام کا اہم کردار پرینکا چوپڑا ادا کر رہی ہیں۔ اس کردار کے لیے وہ ڈائیٹنگ بھی کر رہی ہیں۔

دو بڑی فلموں میں ریلیز کے لیے ٹکّر

’پی کے‘ میں اہم کردار معروف اداکار عامر خان ادا کر رہے ہیں
،تصویر کا کیپشن’پی کے‘ میں اہم کردار معروف اداکار عامر خان ادا کر رہے ہیں

فلم ’پی کے‘ اور ’بامبے ویلویٹ‘ کو رواں سال کی دو سب سے بڑی فلمیں تسلیم کیا جا رہا ہے اور دونوں فلموں کے خالق رواں سال کے اختتام پر دسمبر کی 25 تاریخ کو اپنی اپنی فلم ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔

چونکہ دونوں ہی بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں اور اس لیے ایسی اطلاعات ہیں کہ ’پی کے‘ کے فلم ساز نے اپنی فلم کو ’بامبے ویلویٹ‘ سے ایک ہفتہ پہلے ریلیز کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

’پی کے‘ میں معروف اداکار عامر خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں جن کی آخری فلم ’دھوم تھری‘ نے کمائي کا نیا ریکارڈ بنایا تھا جبکہ ’بامبے ویلویٹ‘ میں رنبیر کپور لیڈ رول میں ہیں۔

مولانا رومی کی زندگی پر فلم

مظفر علی تہذیبی اور ثقافتی فلموں کے لیے معروف ہیں

،تصویر کا ذریعہMuzaffar Ali

،تصویر کا کیپشنمظفر علی تہذیبی اور ثقافتی فلموں کے لیے معروف ہیں

فیشن ڈیزائنر، شاعر اور فلم ساز مظفر علی عالمی ادب کے معروف شاعر مولانا جلال الدین رومی کی شاعری پر فلم بنانے کی دھن میں ہیں۔

وہ پہلے فلم ’امراؤ جان‘ اور ’غبن‘ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں جنھیں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔

ان کے بیٹے شاد علی بھی ہدایت کار ہیں اور انھوں نے ’ساتھيا،‘ ’بنٹی اور ببلی‘ اور ’جھوم برابر جھوم‘ جیسی فلموں کی ہدایات دی ہیں۔