بالی وڈ راؤنڈ اپ

کرن جوہر کیمپ میں سلمان کی انٹری

اس سال اپنے ٹی وی چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کا اغاز کرن جوہر نے سلمان خان کے ساتھ کیا تھا

،تصویر کا ذریعہStar World

،تصویر کا کیپشناس سال اپنے ٹی وی چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کا اغاز کرن جوہر نے سلمان خان کے ساتھ کیا تھا

شاہ رخ خان کے قریبی دوست اور معروف فلم ساز کرن جوہر کے کیمپ میں شاہ رخ خان کے حریف کہے جانے والے سلمان خان کی انٹری ہو چکی ہے۔

کرن جوہر نے ٹویٹ کیا کہ سلمان خان نے ان کی فلم ’شدھی‘ میں کام کرنے کے لیے حامی بھر لی ہے۔

پہلے اس فلم میں ریتک روشن اپنی اداکاری کا جوہر دکھانے والے تھے لیکن اس پراجیکٹ سے ریتک کی علیحدگی کے بعد اس فلم میں اداکاری کے لیے مبینہ طور پر قدرے نئے اداکار رنویر سنگھ اور مسٹر پرفیکٹ کہے جانے والے عامر خان کو پیشکش کی گئی تھی۔

بہر حال کرن جوہر نے اپنی فلم ’شدھی‘ میں سلمان خان کے ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ فلم سنہ 2016 میں دیوالی کے موقعے پر ریلیز ہوگی۔

یاد رہے کہ اس سال اپنے ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ کا آغاز کرن جوہر نے سلمان خان کے ساتھ کیا تھا اس کے علاوہ گذشتہ دنوں سلمان خان اور شاہ رخ خان کی ایک افطار پارٹی کے دوران ملاقات ہوئی۔

اس کے بعد سلمان نے شاہ رخ کی تعریف کی پھر ایک سوال کے جواب میں ریئلیٹی شو ’بگ باس‘ کے لیے شاہ رخ خان کے نام کی تجویز رکھ دی کہ ’اگر وہ اس شو کو نہیں کرتے تو شاہ رخ اس کے لیے بہتر میزبان ہو سکتے ہیں۔‘

ملائکہ کا ایک اور آئٹم

مبصرین کا کہنا ہے کہ 40 سال کی عمر میں بھی ملائیکہ سے زیادہ زندہ دل آئٹم گرل بالی وڈ میں نظر نہیں آتی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمبصرین کا کہنا ہے کہ 40 سال کی عمر میں بھی ملائیکہ سے زیادہ زندہ دل آئٹم گرل بالی وڈ میں نظر نہیں آتی

فلم ’دبنگ‘ میں سپر ہٹ آئٹم سانگ ’منی بدنام ہوئی‘ کرنے کے بعد ملائکہ ارورہ خان پھر سے ایک آئٹم سانگ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

’دبنگ‘ کی طرح یہ فلم بھی ان کے شوہر ارباز خان کی پیشکش ہے۔

’ڈالی کی ڈولی‘ نام کی فلم میں ملائکہ جس نغمے پر پرفارم کریں گی اس کے بول ’فیشن ختم مجھ پر‘ ہیں۔

ملائکہ نے اس نغمے میں گھاگھرا اور چولی پہنا ہے اور اس کے كوريوگرافر ریمو ڈیسوزا ہیں۔

ملائکہ کے آئٹم سانگ میں ’پانڈے جی‘ اور ’انارکلی ڈسکو چلی‘ وغیرہ بہت مقبول ہوئے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ 40 سال کی عمر میں بھی ملائکہ سے زیادہ زندہ دل آئٹم گرل بالی وڈ میں نظر نہیں آتی۔

سوناکشی سنہا کی کبڈی ٹیم

سوناکشی سنہا بالی وڈ سٹار اکشے کمار اور یویو ہنی سنگھ کے بعد کبڈی کو اپنانے والی بالی وڈ کی تیسری شخصیت ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسوناکشی سنہا بالی وڈ سٹار اکشے کمار اور یویو ہنی سنگھ کے بعد کبڈی کو اپنانے والی بالی وڈ کی تیسری شخصیت ہیں

بھارت کے قومی کھیل ہاکی کی لیگ جب کرکٹ کو مقبولیت کے معاملے میں نہ چھو سکی تو دوسرے کھیلوں کی بات ہی کیا؟

تاہم بھارت میں کئی کھیلوں کو بزنس اور گلیمر سے جوڑنے کا کام جاری ہے۔ اس سمت میں بیڈمنٹن اور فٹبال کے بعد اب بھارت کے روایتی کھیل کبڈی کا نمبر ہے۔

بظاہر تو صورت نظر نہیں آتی تاہم فلمی ستاروں کے جڑنے سے اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ اس کھیل کے بھی دن پھر جائیں۔

کامیابیوں کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ سوناکشی سنہا نے کبڈی لیگ کی ایک ٹیم خریدی ہے۔ وہ اکشے کمار اور یویو ہنی سنگھ کے بعد کبڈی کو اپنانے والی بالی وڈ کی تیسری شخصیت ہیں۔

سوناكشي کہتی ہیں کہ ’میرے خیال سے اس کھیل کی جڑیں بھارت میں پیوست ہیں اور ہر ہندوستانی جانتا ہے کہ کبڈی کیا ہے۔ ہم میں سے ہر کسی نے اس کے بارے میں سنا ہے یا پھر بچپن میں کھیلا ہے۔ بات صرف اتنی سی ہے کہ اسے بڑے پیمانے پر اس طرح سے پرموٹ نہیں کیا گیا۔ میرا مقصد اسے بین الاقوامی سطح پر شناخت دلانا اور اس کی تشہیر کرنا ہے۔‘

اس لیگ کا آغاز اگست میں ہو رہا ہے اور ان کی ٹیم کا یونائٹڈ سنگھ نام ہے۔