بالی وڈ راؤنڈ اپ
سری سانت کا غصہ مادھوری پر!

،تصویر کا ذریعہColors
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سری سانت حال ہی میں بالی وڈ کی معروف اداکارہ مادھوری دکشت اور كوريوگرافر ریمو ڈيسوزا پر بھڑک اٹھے۔ یہ واقعہ ڈانس ریلٹی شو ’جھلک دكھلا جا‘ کے سیٹ پر رونما ہوا۔
اس شو میں سری سانت بھی حصہ لے رہے ہیں۔
دراصل سری سانت کے ایک ڈانس پرفارمنس کے بعد شو کی جج مادھوری اور ریمو کے ریمارکس سری سانت کو اچھے نہیں لگے۔
انھوں نے مبینہ طور پر مادھوری کے ریمارکس کے جواب میں انھیں ہی کوئی ایسی بات کہہ دی جس سے ماحول بگڑنے لگا۔ تب شو کے تیسرے جج کرن جوہر نے صورتحال کو سنبھال لیا۔
سری سانت اس کے بعد شو کی شوٹنگ چھوڑ کرچلے گئے۔
فی الحال سری سانت پر میچ فکسنگ معاملے میں جانچ جاری ہے اور کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد ہے۔
50 کروڑ کے رتیک

حال ہی میں بالی وڈ کے معروف ہدایتکار آشوتوش گوريكر نے اپنی فلم ’موہن جودڑو‘ کے لیے رتیک روشن کو سائن کیا اور مبینہ طور پر رتیک کو اس کے لیے 50 کروڑ روپے دیے جا رہے ہیں۔
آشوتوش کے مطابق جلد ہی وہ اس فلم کے لیے کسی بڑے سٹوڈیو سے معاہدہ کرنے والے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اطلاعات کے مطابق اتنی زیادہ فیس اب تک کسی فلم کے لیے کسی اداکار نے نہیں لی ہے۔
عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے بڑے سٹارز اپنی فلموں کے لیے کوئی مخصوص فیس نہیں لیتے بلکہ وہ فلم کی آمدنی میں مخصوص حصہ لیتے ہیں۔
سلمان کو ہرن کے شکار کے لیے نوٹس

،تصویر کا ذریعہAFP
سنہ 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی راجستھان میں شوٹنگ کے دوران چنكارا یعنی کالے ہرن کا شکار کرنے کے معاملے میں سلمان خان کا کیس ایک بار پھر کھل گیا ہے۔
بھارت کی عدالت عظمی یعنی سپریم کورٹ نے سلمان خان کو اس کیس کے سلسلے میں ایک تازہ نوٹس بھیجا ہے۔
نوٹس راجستھان حکومت کی اس درخواست کے بعد آئي ہے جس میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
اس کیس میں اداکار سیف علی خان، اداکارہ تبو، سونالی بیندرے اور نیلم پر سلمان خان کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام ہے۔
سلمان خان پہلے فلمی ستارے نہیں ہیں جن پر ہرن کے شکار کا الزام لگایا گیا ہے۔ ان سے پہلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فلم سٹار سیف علی خان کے والد نواب منصور علی خان پر بھی نہ صرف ہرن مارنے کا الزام لگا تھا بلکہ ان پر مقدمہ بھی چلا تھا۔
پھر ہوگی پرینکا اور پرینیتی چوپڑہ کی ٹکر

باکس آفس پر ایک بار پھر پرینکا چوپڑہ اور ان کی کزن پرينیتی چوپڑہ کی ٹکر ہونے والی ہے۔ پانچ ستمبر کو پرینکا کی فلم ’میری کام‘ اور پرينیتی چوپڑہ کی ’دعوت عشق‘ ریلیز ہو رہی ہیں۔
پہلے ’میری کام گاندھی کے یوم پیدائش یعنی دو اکتوبر کو ریلیز ہونے والی تھی۔ لیکن اسی دن وشال بھاردواج کی ’حیدر‘ اور رتیک روشن کی ’بینگ بینگ‘ کے ریلیز ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ان دو فلموں کے مقابلے سے بچنے کے لیے ’میری کام‘ کی ریلیز مجوزہ تاریخ پہلے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے پہلے گذشتہ سال پرینکا کی ’زنجیر‘ اور پرینیتی چوپڑہ کی ’شدھ دیسی رومانس‘ ایک ہی ساتھ ریلیز ہوئی تھیں۔
’زنجیر‘ تو فلاپ ہوگئی تھی لیکن ’شدھ دیسی رومانس‘ کامیاب رہی تھی۔







