بالی ووڈ میں فلاپ فلموں کی کامیابی کا جشن

،تصویر کا ذریعہSajid Nadiadwala
جون میں نمائش کے لیے پیش ہونے والی ساجد خان کی فلم ’ہم شکلز‘کو ناقدین نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تجزیہ نگاروں نے ساجد خان کی ’ہم شكلز‘ کو فلاپ قرار دیا ہے لیکن پھر بھی اس فلم کی کامیابی کی خوشی میں پارٹی منائی گئی۔
فلم کی بڑی سٹار کاسٹ کے باوجود اسے باکس آفس پر اوسط سے کم اوپننگ ملی، لیکن ریلیز کے چار دن کے اندر اندر ہی خبر سننے کو ملی کہ ساجد خان اور واس بھاگناني نے فلم کی ’سكسیس پارٹی‘ یعنی کامیابی کی خوشی کا جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ تجزیہ نگاروں اور فلم کاروبار کے ماہرین نے جس فلم کو باکس آفس پر اوسط سے کم قرار دیا اس کی کامیابی کا جشن کس طرح منایا گیا۔
فلم کی ٹیم نے دعویٰ کیا کہ ’ہم شكلز‘ نے چار دنوں کے اندر اندر بھارت میں 46 کروڑ روپے کا کاروبار کیا جبکہ ماہرین کے مطابق فلم نے چار دن میں صرف 36 کروڑ روپے کمائے جو اتنی بڑی سٹار کاسٹ اور بڑے بینر کی فلم کے لیے بے حد کم ہے۔

،تصویر کا ذریعہFox Star
کئی فلموں کے خالق اور ممبئی کے مشہور تھیئٹر گیٹي گیلكسي کے مالک منوج دیسائی کا کہنا ہے کہ ’جس نے بھی فلم دیکھی اسے یہ سمجھ میں ہی نہیں آیا کہ یہ کیا فلم تھی۔ پھر چار دن میں یہ کامیاب کہاں سے ہو گئی۔ فلم چار دنوں کے اندر ہی بیٹھ گئی تو پھر کس بات کا جشن؟‘
اس سے پہلے بھی ایسا ہو چکا ہے جب ناظرین نے کسی فلم کو مسترد کر دیا ہو اس فلم کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔
گذشتہ سال ریلیز ہونے والی اکشے کمار، سوناکشی سنہا اور عمران خان کی فلم ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘ کو ناقدین اور شائقین دونوں نے مسترد کر دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلمی ماہرین کے مطابق اس فلم کو 15 سے 20 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، لیکن اس کی بھی سكسیس پارٹی منائی گئی۔
ودیا بالن اور فرحان اختر کی ’شادی کے سائیڈ افیكٹس‘ کو بھی آٹھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا لیکن اس کی بھی سكسیس پارٹی منائی گئی۔







