بالی وڈ راؤنڈ اپ

امیتابھ بچن جب کھو گئے تھے

امیتابھ بچن پہلی بار ایک ٹی وی سیریل میں نظر آنے والے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن پہلی بار ایک ٹی وی سیریل میں نظر آنے والے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن ایک دفعہ کراچی ریلوے سٹیشن پر کھو گئے تھے۔ اس واقعے کا ذکر انھوں نے اپنے بلاگ میں کیا ہے۔

جب بگ بی کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا تھا تو وہ محض دو سال کے تھے۔

امیتابھ نے بچپن کے اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا: ’جب میں دو سال کا تھا تو اپنے ماں باپ کے ساتھ الہ آباد سے اپنے دادا جی کے پاس کراچی جا رہا تھا۔ لوٹتے وقت میری ماں نے دیکھا کہ والد صاحب کے ساتھ تو میں ہوں ہی نہیں۔

’گھبرا کر وہ دونوں مجھے تلاش کرنے لگے۔ اسی دوران ایک مسافر نے بتایا کہ انھوں نے ریلوے پل پر ایک بچے کو روتے دیکھا ہے۔ جب ماں اور بابوجی وہاں پہنچے تو میں پاؤں پھیلائے آتی جاتی ٹرینوں کو دیکھ رہا تھا۔‘

امیتابھ نے لکھا کہ وہ آج بھی ٹرین کو دیکھ کر اپنے بچپن کی یادوں میں کھو جاتے ہیں۔

’پاپا کو مار کھاتے دیکھنے میں مزا آتا تھا‘

شردھا کپور شکتی کپور کی بیٹی ہیں اور 27 جون کو ان کی دوسری فلم ریلیز ہوئی ہے

،تصویر کا ذریعہShraddha Kapoor

،تصویر کا کیپشنشردھا کپور شکتی کپور کی بیٹی ہیں اور 27 جون کو ان کی دوسری فلم ریلیز ہوئی ہے

بالی وڈ کی نئی ہیروئن اور معروف اداکار شکتی کپور کی بیٹی شردھا کپور کا کہنا ہے کہ وہ فلموں میں اپنے والد کی پٹائی سے لطف اندوز ہوتی تھیں۔

انھوں نے بتایا: ’مجھے بڑا مزا آتا ہے۔ فلموں میں پاپا کو پٹتے دیکھنا پھر انھیں ہیرو کو پیٹتے دیکھنا بڑا اچھا لگتا تھا۔ میں تو اسی وقت سے فلموں کی دیوانی ہو گئی تھی۔‘

ہندی فلموں کے مشہور ویلن شکتی کپور کی بیٹی نے فلم ’عاشقي -2‘ میں اپنی اداکاری سے بہت مقبولیت حاصل کی اور اب ان کی فلم ’ایک ویلن‘ اسی جمعے کو ریلیز ہوئي ہے۔

اسی فلم کے سلسلے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شردھا کپور نے اپنے بچپن کی باتوں کا ذکر کیا۔

شردھا نے بتایا: ’میری سہیلیاں گھر آنے سے ڈرتی تھیں۔ انھیں میرے پاپا سے ڈر لگتا تھا۔ تب میں انھیں سمجھاتي کہ یہ کیا پاگلپن ہے، وہ صرف اس طرح کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اصل زندگی میں ویسے نہیں ہیں۔‘

شردھا کے مطابق جب ان کی سہیلیاں ان کے والد سے ملیں تو ان کی ساری غلط فہمیاں دور ہوئیں اور وہ ان کی فین بن گئیں۔

کرینہ کے پاس ’ہم شكلز کے لیے وقت نہیں

کرینہ کپور اور سیف علی خان دونوں کا کہنا ہے کہ وہ ہندی فلمیں بہت کم دیھکتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور اور سیف علی خان دونوں کا کہنا ہے کہ وہ ہندی فلمیں بہت کم دیھکتے ہیں

فلم ’سنگھم ریٹرنز‘ میں اجے دیوگن کے ساتھ شوٹنگ میں مصروف اداکارہ کرینہ کپور نے اب تک اپنے شوہر سیف علی خان کی فلم ’ہم شكلز‘ نہیں دیکھی ہے اور نہ ہی اسے دیکھنا ان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

کرینہ کے مطابق وہ زیادہ ہندی فلمیں نہیں دیکھتیں اور آنے والے وقت میں وہ صرف دو ہندی فلمیں ہی دیکھیں گی۔

ایک تو ’سنگھم ریٹرنز‘ ہے کیونکہ اس میں وہ خود کام کر رہی ہیں اور دوسری عامر خان کی راج کمار ہیرانی کی ہدایت میں بننے والی فلم ’پی کے‘ ہے کیونکہ وہ عامر اور ہیرانی دونوں کی بہت بڑی مداح ہیں۔