بالی وڈ راؤنڈ اپ
پریتی-نیس معاملے کے نئے پہلو

بالی وڈ اداکارہ اور آئی پی ایل کے مالکان میں سے ایک پریتی زنٹا معروف صنعت کار اور اپنے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا کے خلاف رپورٹ درج کرنے کے بعد امریکہ چلی گئی تھیں۔
اس دوران کئی واقعات رونما ہوئے۔ نیس واڈیا کو انڈر ورلڈ سے دھمکی ملنے، پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کیے جانے، پریتی کے بھارت چھوڑنے اور امریکہ میں جا بسنے کی باتیں اخباروں کی سرخیاں بنتی رہیں۔
پریتی زنٹا نے امریکہ میں جا بسنے کی بات کی تردید بھی کی ہے۔
اب امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ پریتی زنٹا اپنا تازہ بیان درج کرانے کے لیے بھارت واپس آ رہی ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے اس معاملے میں چند لوگوں کے بیان ریکارڈ کیے جن میں آئی پی ایل کے سی ای او اور بی سی سی آئی رکن بھی شامل ہیں۔
پولیس اس بات کی بھی تحقیق کر رہی ہے کہ کیا واقعی انڈر ورلڈ ڈان روی پجاری نے نیس واڈیا کو دھمکی دی ہے؟
روی پجاری کی کال ٹریس کی جا رہی ہے، جس کے بعد ان کی آواز کی جانچ کرائم برانچ سے کرائی جائے گی۔
ودیا بالن کی جاسوسی کی خواہش

بالی وڈ کی اداکارہ اور اپنے مختلف النوع انداز کے لیے معروف ودیا بالن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے کردار کو ادا کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اب وہ اپنی آنے والی فلم ’بوبی جاسوس‘ کے لیے مختلف اوتار میں نظر آرہی ہیں۔
فلم میں ودیا بالن ایک جاسوس کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ اپنی جاسوسی کو اگر وہ اصل زندگی میں استعمال کرنا چاہیں تو وہ کس کے لیے استعمال کریں گی۔
ودیا کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امیتابھ بچن کی جاسوسی کرنا چاہیں گی۔
ایک انٹرویو میں ودیا نے بتایا کہ وہ امیتابھ بچن سے بہت متاثر ہیں اور ان کے گرد کچھ تو پوشیدہ اسرار ہیں جسے جو وہ جاننا چاہیں گی۔
انھوں نے نریندر مودی کی جاسوسی کے سلسلے میں یہ کہا کہ وہ یہ تلاش کرنے کی کوشش کریں گی ان کے کیا منصوبے ہیں اور وہ بھارت کے لیے کیا کرنے والے ہیں؟
اسی سلسلے میں ودیا بالن ملک میں ڈھونگي باباؤں پر بھی نظر رکھنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔
ہیما مالنی کے نقش قدم پر دیپکا

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ کی خوبصورت اداکاراؤں کو عام طور پر گورے پن میں اضافہ کرنے والی کریم، بالوں میں چمک اور نکھار لانے والے شیمپو یا خوبصورتی میں اضافہ کرنے والے صابن وغیرہ کے اشتہارات میں تو عام طور پر دیکھا جاتا ہے لیکن خوبصورت ادکاراؤں کو سماجی مسائل کے تعلق سے بیداری پیدا کرتے ہوئے کم ہی دیکھا جاتا ہے۔
بالی وڈ کی معروف اور خوبصورت اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے روش سے الگ بینکنگ اور اقتصادی امور سے متعلق ایک اشتہار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دیپکا پاڈوکون اب بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے بارے میں بتاتی ہوئی نظر آئیں گی۔
دیپکا بھارت کی دوسری ایسی معروف ہندی فلم اداکارہ ہیں جنھیں فائنانس کے اشتہار کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل اپنے زمانے کی ڈریم گرل کہی جانے والی اداکارہ ہیما مالنی نے بینک آف راجستھان کا اشتہار کیا تھا۔
بالی وڈ کے مرد فنکاروں میں یہ کام امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور شرمن جوشی کر چکے ہیں۔
ریکھا اور قطرینہ ایک ساتھ

،تصویر کا ذریعہOther
اپنے زمانے کی معروف اداکار ریکھا کی ایک بار پھر سے فلموں میں واپسی ہو رہی ہے۔
فلم ’راک آن‘ کے ہدایت کار ابھیشیک کپور نے اپنی فلم ’فتور‘ میں ریکھا کو کاسٹ کیا ہے۔ فلم میں ریکھا کے ساتھ قطرینہ کیف بھی نظر آئیں گی۔
فلم ’فتور‘ کے ہدایت کار ابھیشیک کپور نے اس فلم سے متعلق ایک ورکشاپ منعقد کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس ورک شاپ میں ان دونوں اداکاراؤں کو ان کے کرداروں کے بارے میں تفصیل دی جائے گی۔
اس فلم میں ہیرو کا کردار اداکار آدتیہ رائے کپور نبھا رہے ہیں۔







