مس یونیورس کی 20ویں سالگرہ اور دپیکا فٹبال کے میدان میں
بیس سال بعد

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین مس يونيورس بننے کے 20 سال پورے ہونے کا جشن منا رہی ہیں۔
سشمیتا کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی زندگی میں بہت دعائیں ملی ہیں اور وہ اپنی زندگی سے بہت خوش ہیں۔
ایک پروگرام کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’میں سمجھتی ہوں کہ گاڑی چلاتے وقت ہمیشہ آگے دیکھنا چاہیے۔ اگر شیشے میں دیکھ کر گاڑی چلائیں گے تو ٹکر ہو جائے گی۔ آپ کی زندگی میں ایسی يادیں ہوں جو مسکرانے پر مجبور کریں تو زندگی کو جشن مناتے ہوئے ہمیشہ آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔‘
سشمیتا سین کو سنہ 1994 میں مس یونیورس کے اعزاز سے نوازی گیا تھا اور یہ تاج جیتنے والی وہ پہلی بھارتی خاتون ہیں۔
یاد رہے کہ اسی سال ایشوریہ رائے مس ورلڈ منتخب ہوئی تھیں اور انھوں نے بھی فلموں کا رخ کیا اور بے حد مقبول ہوئیں۔
دیپکا فٹبال کے میدان پر

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون یوئیفا چیمپئنز لیگ کی شان دوبالا کرنے لزبن میں موجود ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل ریال میڈرڈ اور ایتھلیٹیكو میڈرڈ کے درمیان 24 مئی کو کھیلا جا رہا ہے۔
یورپ میں فٹبال کی ایسوسی ایشن یوئیفا نے بطور خاص اس میچ کے لیے دپیکا کو مدعو کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بارے میں دیپکا پاڈوکون نے کہا: ’یہ میرے لیے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ مجھے يوئیفا نے اس میچ کو دیکھنے کے لیے بلایا ہے۔ میں یورپ کی دو سب سے اچھی ٹیموں کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔‘
یوئیفا چیمپئنز لیگ دنیا کے بہترین فٹبال مقابلوں میں سے ایک ہے۔
سلمی ہایک سے اتنی مشابہت

،تصویر کا ذریعہAFP
فلم ’فكرے‘ اور ’کھیلیں ہم جی جان سے‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ وشاكھا سنگھ کے ساتھ کانز فلمی میلے میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا۔
جب وشاكھا سج دھج کر ریڈ کارپٹ پر پہنچیں تو اچانک لوگ زور زور سے چلانے لگے اور وہاں موجود پریس فوٹوگرافرز ان کی تصاویر اتارنے لگے۔
وشاكھا حیران تھیں کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اتنی مشہور کب ہو گئیں کہ لوگ انھیں اتنی توجہ دینے لگے۔ لیکن جلد ہی وشاكھا کو اپنی اس ’بے پناہ مقبولیت‘ کی وجہ سمجھ میں آ گئی۔
دراصل وشاكھا کا چہرہ مشہور ہالی وڈ اداکارہ سلمیٰ ہایک سے بہت مشابہت رکھتا ہے اور جیسے ہی وہ ریڈ کارپیٹ پر آئیں تو لوگوں نے انھیں سلمیٰ سمجھ لیا۔
ویسے وشاكھا اس سے پہلے تین بار اس تقریب میں شامل ہو چکی ہیں لیکن یہ ’حسین اتفاق‘ ان کے ساتھ پہلی بار ہوا۔
عالیہ بھٹ کے بوسے پر سینسر بورڈ کی ناراضگی

،تصویر کا ذریعہHoture Images
بالی وڈ کے بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ بھارت میں نئی حکومت کے بعد فلموں میں کئی چیزیں بدل جائیں گی۔ بہر حال نئی حکومت کے قیام سے قبل سینسر بورڈ محتاط نظر آ رہا ہے۔
بورڈ نے عالیہ بھٹ اور ورون دھون کی آنے والی فلم ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا کی شادی‘ کے پرومو پر انگلی اٹھائی ہے۔
سینسر بورڈ کے مطابق فلم کے ٹریلر سے عالیہ اور ورون کے بوسے کو نکال دیا جانا چاہیے۔ اطلاعات کے مطابق بورڈ نے اس سین کو دور سے دکھانے کی اجازت تو دی ہے لیکن زوم کر کے نہیں۔
یہ فلم کرن جوہر کے بینر دھرما پروڈکشن کے تحت بنائی گئی ہے۔ کرن کی ٹیم کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ان کی دو فلموں ’ہنسی تو پھنسی‘ اور ’2 سٹیٹس‘ کے پرومو میں بھی بوسے کا استعمال تھا تو اب کیا مسئلہ ہو گیا۔
بہر حال دھرما پروڈکشن کو اب اپنی فلم کے ٹریلر سے اس سین کو ہٹانا پڑے گا۔







