بالی وڈ راؤنڈ اپ

اچھا ہی ہوا دونوں الگ ہو گئے: میگھنا

میگھنا معروف نغمہ نگار گلزار اور اداکارہ راکھی کی بیٹی ہیں

،تصویر کا ذریعہsubi samuel

،تصویر کا کیپشنمیگھنا معروف نغمہ نگار گلزار اور اداکارہ راکھی کی بیٹی ہیں

ہندی سینیما کے معروف نغمہ نگار اور فلم سازگلزار کو سینچر کے دن سینیما کے سب سے باوقار اعزاز دادا صاحب پھالکے سے نوازا جا رہا ہے۔

اس موقعے پر بی بی سی نے گلزار کی بیٹی میگھنا گلزار سے بات چیت کی۔

میگھنا نے ایک والد کے طور پرگلزار کے بارے میں بتایا اور یہ بھی کہا کہ ان کے والدین کی علیحدگی دونوں کے لیے بہتر تھی۔

گلزار اپنی بیٹی میگھنا کو پیار سے ’بوسكی‘ پکارتے ہیں۔ بوسكي کا مطلب نرم و نازک ہوتا ہے۔

میگھنا نے اپنے والد کے بارے میں کہا: ’پاپا بہت ہی حساس انسان ہیں، ان کی نزاکت، ان کی نرمی ان کے ہر کام میں جھلکتی ہے۔ ان کے گیتوں میں وہی نرمی گنگناتی ہے۔‘

گلزار نے 60 اور 70 کی دہائی کی مشہور اداکارہ راکھی سے شادی کی تھی۔ لیکن دونوں کے درمیان میں جلد ہی اختلافات پیدا ہو گئے اور پھر دونوں علیحدہ رہنے لگے۔

میگھنا سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انھون نے کہا: ’اچھا ہی ہوا دونوں الگ ہو گئے۔ کیونکہ اختلافات ہونے کے باوجود ساتھ رہنے سے اچھا ہے سکون کے ساتھ الگ الگ رہنا۔ دونوں نے اپنی تنہائی کو کام سے بھر لیا ہے۔‘

وراٹ کے مزید دعویدار

ایزابیل نے فلم سوئیٹ 16 سے اپنے بالی وڈ کریئر کا آغاز کیا تھا

،تصویر کا ذریعہizabelle leite

،تصویر کا کیپشنایزابیل نے فلم سوئیٹ 16 سے اپنے بالی وڈ کریئر کا آغاز کیا تھا

بھارت کے معروف کرکٹر وراٹ کوہلی ان دنوں سرخیوں میں ہیں۔ اداکارہ انشكا شرما کے ساتھ ان کی دوستی کے چرچے تو عام ہیں ہی وہ گذشتہ دنوں اس لیے بھی سرخیوں میں آئے کہ انگلینڈ کی ایک خاتون کرکٹر نے ڈینیئل ییٹ نے کہا تھا ’کوہلی مجھ سے شادی کر لو!‘

لیکن اب ایک دوسری اداکارہ نے دعوی کیا کہ ان کے بھی وراٹ کوہلی کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔

برازیل کی ماڈل اور اداکارہ ازابیل لیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے دو سال تک وراٹ کو ڈیٹ کیا ہے۔

ازابیل نے صنعت کار اور رائلز چیلنجر بنگلور کے مالک وجے مالیا کے بیٹے مسدھارتھ مالیا کے ساتھ اپنے مبینہ معاشقے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں صرف اچھے دوست ہیں۔

ازابیل ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ بالی وڈ میں بھی اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔ ان کی فلم ’پرانی جینز‘ گذشتہ روز جمعے کو ریلیز ہوئی ہے۔

سونم کپور کو سبق

بالی وڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور جو اپنے فیشن اور متنازع بیانات کے لیے جانی جاتی ہیں انھوں نے کہا ہے کہ وہ اب اپنی ساتھیوں کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گی۔

حال ہی میں فلم ساز کرن جوہر کے ٹی وی چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ میں سونم کپور نے جو کچھ کہا اس کے لیے انہیں کنگنا رانات اور دیپکا پڈوکون کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سونم نے مبینہ طور پر اپنی ساتھی اداکارہ کنگنا کی اداکاری کی صلاحیت پر سوال اٹھائے تھے اور دپیکا کی کامیابی کی وجہ ان کے پی آر کی مہارت کو بتایا تھا۔

اس پر کنگنا اور دیپکا نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

ممبئی میں خوبصورتی میں اضافہ کرنے والے ایک پروڈکٹ کے پروموشن کے دوران سونم نے کہا کہ وہ مستقبل میں اب اپنی ساتھی اداکاراؤں پر کچھ بھی کہنے سے پرہیز کریں گی۔

سونم نے کہا: ’بہت سے لوگ میرے بارے میں بہت کچھ کہتے ہیں لیکن میں نے کبھی ان کی باتوں پر اپنا ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ میں نے لوگوں سے بھی اسی طرح کے رویے کی امید کی۔‘

انہوں نے کہا: ’شاید لوگوں کو میرے بارے میں بات کرنا زیادہ اچھا لگتا ہے۔ ایک چھوٹی سی بات کو حد سے زیادہ بڑھا دیا گیا۔‘

سونم ’کافی ود کرن‘ کے اس سیزن میں اپنے والد انیل کپور کے ساتھ آئی تھیں۔