جان ٹریوولٹا دیپکا کےحسن کے نئے مداح

آئیفا کی اس تقریب میں دیپکا کو بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گيا
،تصویر کا کیپشنآئیفا کی اس تقریب میں دیپکا کو بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گيا

شاہ رخ خان، امیتابھ بچن سمیت بالی وڈ کے کئی بڑے فنکار اداکارہ دیپکا پاڈوکون کے مداح ہیں۔

یعنی ہالی وڈ کے معروف اداکار جان ٹریوولٹا کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔

ٹریوولٹا حال ہی میں امریکی شہر فلوریڈا کے ٹیمپا بے میں ہونے والی بالی وڈ کی آئیفا تقریب میں تشریف لائے تھے جہاں انھیں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔

انھوں نے آئیفا ایوارڈز کے دوران اداکارہ پرینکا چوپڑا کے ساتھ ایک ڈانس پروگرام میں بھی شرکت کی تھی۔

بعد میں میڈیا سے بات چیت میں جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس بالی وڈ اداکارہ کو پسند کرتے ہیں تو ٹریوولٹا نے کہا: ’میں نے حال ہی میں فلم رام لیلا دیکھی۔ یہ ایک زبردست ميوزیکل فلم ہے اور اس میں دیپکا پاڈوکون بہت خوبصورت لگیں۔ وہ کمال کی اداکارہ ہیں۔

اس کے علاوہ ٹریوولٹا نے یہ بھی کہا کہ وہ عامر خان اور شیکھر کپور کے بھی زبردست معتقد ہیں اور سنیما کے بارے میں ان کے نظریے کا احترام کرتے ہیں۔

گذشتہ سال دیپکا کی متواتر کئی فلمیں کامیاب رہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگذشتہ سال دیپکا کی متواتر کئی فلمیں کامیاب رہیں

انھوں نے بتایا کہ انھیں عامر خان کی ’لگان‘ اور ’تھری ایڈیٹس‘ بھی پسند آئیں تھیں۔

اس سے قبل ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالي نے کہا تھا کہ دیپکا انتہائی خوبصورت ہیں اور انھوں نے ویجنتی مالا کے بعد اتنی خوبصورتی کہیں نہیں دیکھی۔

آئیفا میں دیپکا پاڈوکون کو سال کی بہترین انٹرٹینر اور بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

رتیک کی پارٹی میں کرینہ سیف نہیں

سیف علی خان نے آئیفا کی میزبانی کی تھی جبکہ کرینہ نے رقص کا زبردست مظاہرہ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسیف علی خان نے آئیفا کی میزبانی کی تھی جبکہ کرینہ نے رقص کا زبردست مظاہرہ کیا

آئیفا کے چار روزہ جشن کے بعد اداکار رتیک روشن نے اپنے تمام مخصوص دوستوں کو ایک پول پارٹی میں مدعو کیا۔

امریکہ میں اس وقت موجود زیادہ تر بالی وڈ اداکار پارٹی میں شامل تھے۔ لیکن رتیک روشن نے وہاں موجود سیف علی خان اور کرینہ کپور کو نہیں بلایا۔

اطلاعات کے مطابق اس کی وجہ رتیک اور کرینہ کے درمیان مبینہ آپسی رنجش ہے۔

فلم ’شدھی میں پہلے رتیک روشن اور کرینہ کپور کام کرنے والے تھے لیکن بعد میں رتیک نے اس میں کام کرنے سے منع کر دیا۔ کرینہ کپور کو اس بات سے خاصی ٹھیس پہنچی تھی اور تبھی سے دونوں کے درمیان اختلافات ہیں۔