بالی وڈ راؤنڈ اپ

شاہ رخ اپنی ٹیم کے گیت سےخوش نہیں

بنگلور میں پریتی زنٹا کی ٹیم کنگزالیون پنجاب کو ہراکر شاہ رخ کی ٹیم دوسری بار آئی پی ایل کی فاتح بنی

،تصویر کا ذریعہKKR Official Page

،تصویر کا کیپشنبنگلور میں پریتی زنٹا کی ٹیم کنگزالیون پنجاب کو ہراکر شاہ رخ کی ٹیم دوسری بار آئی پی ایل کی فاتح بنی

شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے گذشتہ دنوں دوسری بار آئی پی ایل کا خطاب جیتا۔

اس جیت پر کولکتہ میں لوگوں نے شاہ رخ خان کو جشن مناتے اور ناچتے گاتے بھی دیکھا تاہم شاہ رخ خان مطمئن نہیں ہیں۔

دراصل شاہ رخ اب اپنی ٹیم کے معروف تھیم سانگ ’كوربو لوربو جيتبو رے‘ سے بور ہو گئے ہیں اور اب وہ اسے تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

میچ جیتنے کے بعد شاہ رخ نے اپنے دوست اور میوزک ڈائریکٹر شیکھر کو ٹویٹ بھی کیا کہ ’اب اس گیت کو تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘

واضح رہے کہ ’كوربو لوربو جيتبو رے‘ کی موسیقی وشال شیکھر نے دی تھی۔

شیکھر نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا: ’شاہ رخ اب اپنی ٹیم کے لیے نئے نغمے کے خواہاں ہیں جس میں زیادہ جوش ہو اور بنگال کی ثقافت کی اور زیادہ جھلک ہو۔‘

دبلی پتلی پرینکا

پرینکا چوپڑہ مختلف النوع کردار ادا کرنے میں یقین رکھتی ہیں

،تصویر کا ذریعہKrrish 3

،تصویر کا کیپشنپرینکا چوپڑہ مختلف النوع کردار ادا کرنے میں یقین رکھتی ہیں

بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے ایک فلم کے لیے اپنا وزن کم کرنا شروع کردیا ہے۔

دراصل معروف ہدایتکار زویا اختر نے اپنی آنے والی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ کے لیے پرینکا چوپڑہ سے وزن کم کرنے کے لیے کہا اور پرینکا نے 20 دنوں میں اپنا وزن سات کلو کم کر بھی لیا ہے۔

اس فلم میں پرینکا ایک بزنس وومن کا کردار ادا کرنے والی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پرینکا کو باکسر میری کوم کی زندگی پر مبنی فلم کے لیے ایک باکسر جیسا جسم بنانا پڑا تھا جس کے لیے انھوں نے سخت محنت کی۔

لیکن زويا کی فلم کے لیے اب انھیں ایک دبلی پتلی نظر آنے والی لڑکی کا کردار نبھانا ہے اور اسی لیے ان سے وزن کم کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

سنی لیون کی پورن سے ’توبہ‘

سنی لیون آنے والے دنوں میں ٹی وی شو سپلٹزولا کی میزبانی کرتی نظر آنے والی ہیں
،تصویر کا کیپشنسنی لیون آنے والے دنوں میں ٹی وی شو سپلٹزولا کی میزبانی کرتی نظر آنے والی ہیں

امریکی ایڈلٹ سٹار رہنے والی سنی ليوني اپنی اسی شبیہ کی وجہ سے بھارت میں توجہ کا مرکز رہیں اور اسی وجہ سے ریلٹي ٹی وی شو ’بگ باس‘ میں ان کو جگہ ملی اور وہاں سے انھوں نے شہرت کی نئی بلندیاں حاصل کیں۔

تاہم اب اطلاعات کے مطابق سنی لیونی اپنی اس شبیہ سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے کمربستہ ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنی ليوني نے کہا: ’دیکھیے، جو میرا ماضی ہے اسے تو میں بدل نہیں سکتی، لیکن میں پوری کوشش کر رہی ہوں کہ میرے تعلق سے لوگوں کے رویے میں تبدیلی آئے۔ میں اب پورن سٹار کے طور پر اپنی شناخت نہیں چاہتی۔‘

اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ انھیں خود پر فخر ہے اور وہ ایک انسان کے طور پر جیسی ہیں ویسی ہی رہنا چاہتی ہیں۔

سنی لیون آنے والے دنوں میں ٹی وی شو ’سپلٹزولا‘ کی میزبانی کرتی نظر آنے والی ہیں۔ ان سے قبل اس پروگرام کی میزبانی شرلن چوپڑہ کیا کرتی تھیں جو بولڈ مناظر کے لیے مشہور ہیں۔

آروشی قتل معاملے پر میگھنا گلزار کی فلم

میگھنا گلزار نے اس سے قبل فلم فی الحال، جسٹ میرڈ اور دس کہانیاں کی ہدایتکاری کی ہے

،تصویر کا ذریعہsubi samuel

،تصویر کا کیپشنمیگھنا گلزار نے اس سے قبل فلم فی الحال، جسٹ میرڈ اور دس کہانیاں کی ہدایتکاری کی ہے

نئی دہلی سے ملحق علاقے نوئیڈا میں ہونے والے مشہور آروشی قتل پر معروف شاعر، فلم ساز اور مصنف گلزار کی بیٹی میگھنا گلزار فلم بنانے کی تیاری مکمل کر چکی ہیں۔

فلم کا نام ’تلوار‘ تجویز کیا گیا ہے جو کہ آروشی کے نام کا ایک حصہ بھی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ نام گلزار کا تجویز کردہ نام ہے۔

فلم میں گلزار کی پسندیدہ اداکارہ تبو ہیں اور ان کے ساتھ عرفان بھی ہیں۔

میگھنا گلزار نے اس فلم کے بارے میں فی الحال کسی سے بات نہیں کی ہے لیکن عرفان نے ایک اخبار سے بات چیت میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم ’تلوار‘ پر کام شروع ہو چکا ہے۔