شاہ رخ اچھے میزبان ہوں گے: سلمان خان

گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سلمان اور شاہ رخ خان ایک افطار پارٹی پر ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنگذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سلمان اور شاہ رخ خان ایک افطار پارٹی پر ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے

سلمان خان گذشتہ کئی دنوں سے لگاتار سرخیوں میں ہیں۔

پہلے شاہ رخ خان کے ساتھ رمضان میں گلے ملنے کے لیے، پھر ان کی تعریف کرنے، پھر سپریم کورٹ کی جانب سے کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں نوٹس ملنے کے لیے، اور پھر فوٹوگرافروں کو دو ٹوک جواب دینے کے لیے۔

ان سب کے باوجود ایک چیز بہت نمایاں ہے، اور وہ ہے ان کا شاہ رخ کے لیے بدلا ہوا رویہ۔ ایک بار پھر سلمان خان نے شاہ رخ خان کا نام لیا ہے اور دیکھنا ہے کہ شاہ رخ کی جانب سے اس پر کیسا رد عمل آتا ہے۔

بھارت میں ٹی وی پر پیش کیے جانے والے معروف ریئلیٹی شو ’بگ باس‘ کی لگاتار کئی سال تک میزبانی کرنے کے بعد سلمان خان کا کہنا ہے کہ اب ان کا دل اوب گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سلمان خان اس کے آٹھویں سیزن میں میزبانی سے کترا رہے ہیں۔ ساتویں سیزن کے دوران وہ میزبانی کرتے ہوئے کئی بار ایسی دھمکی دے چکے تھے۔

سلمان خان سے جب ایک پریس کانفرنس میں یہ سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’ابھی نئے سیزن کے لیے کچھ فائنل نہیں ہوا ہے کہ میں ہوں یا نہیں۔‘

جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کون ان کی جگہ اس کے میزبان ہو سکتے ہیں تو انھوں نے کہا: ’اگر میں اس شو کی میزبانی نہیں کرتا تو میرے خیال میں شاہ رخ خان اس کے اچھے میزبان ثابت ہو سکتے ہیں۔‘

نرگس فخری کو فلم کک کے ایک گیت میں جگہ ملی ہے ویسے اس فلم کی ہیروئن جیکلن فرنانڈیز ہیں
،تصویر کا کیپشننرگس فخری کو فلم کک کے ایک گیت میں جگہ ملی ہے ویسے اس فلم کی ہیروئن جیکلن فرنانڈیز ہیں

کہا جاتا ہے کہ سلمان خان کو ’بگ باس‘ کے گذشتہ کئی سیزنوں میں ان کے رویے پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔

انھوں نے یہ باتیں اپنی فلم ’کک‘ کے گیت ’ڈیول‘ کے اجرا کے موقعے پر کہیں۔ اس گیت کو ہنی یویو سنگھ نے آواز کا روپ دیا ہے اور سلمان کے ساتھ اس میں اداکارہ نرگس فخری ہیں۔

اس موقعے پر نرگس فخری نے کہا کہ وہ پوری ٹیم کی شکرگزار ہیں: ’میں اس گیت میں اپنی موجودگی کو خوش قسمتی سمجھتی ہوں اور آپ کی شکرگزار ہوں۔ مجھے اس گیت کی عکاسی بہت پسند آئی۔‘

سلمان کی فلم ’کک‘ عید کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہے، لیکن فوٹوگرافر ایسوسی ایشن نے ایک فوٹوگرافر کے ساتھ سلمان خان کے محافظوں کی مبینہ زیادتی اور پھر سلمان خان کے رویے کے خلاف دھمکی دی ہے کہ جب تک وہ معافی نہیں مانگتے، وہ ان کی تصویرکشی اور فلم کی ریلیز سے دور رہیں گے۔