بیماری نے مجھے اپنا خیال رکھنا سکھا دیا: منیشا کوئرالہ

فلم سوداگر سے اپنے کریئر کی شروعات کرنے والی منیشا گذشتہ کئی برسوں سے علاج کے سلسلے میں فلموں سے دور رہیں
،تصویر کا کیپشنفلم سوداگر سے اپنے کریئر کی شروعات کرنے والی منیشا گذشتہ کئی برسوں سے علاج کے سلسلے میں فلموں سے دور رہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ منیشا كوئرالہ کے رحم مادر میں سنہ 2012 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی لیکن منیشا نے کینسر جیسے مرض کو شکست دے دی اور اب وہ صحتیاب ہو کر واپس آ چکی ہیں۔

انھوں نے حال ہی میں خواتین کی صحت سے متعلق ایک میگزین کے لیے فوٹوشوٹ بھی کیا۔

اس موقع پر منیشا كوئرالہ نے کینسر کے مریضوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’اس بیماری میں مثبت رہنا بہت ضروری ہے۔ ہمیشہ ایک ڈر سا رہتا ہے کہ یہ بیماری کہیں پھر سے نہ ہو جائے۔‘

انھوں نے کہا: کہ ’مجھے جس طرح کا کینسر ہوا تھا وہ پھر سے کبھی بھی ہو سکتا ہے لیکن ہر قیمت پر ہمیں مثبت رہنا ہوتا ہے۔ تبھی ہم اس بیماری کو شکست دے پائیں گے۔‘

منیشا نے یہ بھی بتایا کہ کینسر نے انھیں جسم کی دیکھ بھال کرنا سیکھا دیا۔

انھوں نے کہا ’پہلے میں اپنی صحت کی بالکل بھی پرواہ نہیں کرتی تھی۔ کھانے پینے میں بہت ہی لاپروا تھی۔ لیکن اس بیماری نے مجھے اپنے جسم کی اور اپنے دل کی اہمیت سمجھا دی ہے . اب میں اپنا خیال رکھتی ہوں۔‘

منیشا کوئرالا نے خواتین میں صحت کے تئیں بیداری کے لیے فوٹو شوٹ بھی کیا

،تصویر کا ذریعہPrevantion

،تصویر کا کیپشنمنیشا کوئرالا نے خواتین میں صحت کے تئیں بیداری کے لیے فوٹو شوٹ بھی کیا

منیشا نے بتایا کہ بیماری کے دوران ان کے خاندان کا انھیں بڑا سہارا ملا جو اس بیماری سے نمٹنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

منیشا نے یہ بھی بتایا کہ اداکارہ تبو ان سے ہمیشہ رابطہ میں رہیں اور ان کا حوصلہ بڑھاتی رہیں۔

ان کے علاوہ اداکار گلشن گروور اور شتروگھن سنہا بھی ان کی خیرت دریافت کرنے والوں میں شامل رہے۔

منیشا کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں چاہتیں کہ لوگ انھیں بہادر کہیں اور یہ کہیں کہ اس بہادر خاتون نے کینسر کو شکست دی ہے۔ لیکن وہ اس بیماری کے بارے میں بیداری پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کرنا چاہتی ہیں۔

منیشا كوئرالہ فلموں میں کب واپسی كریں گی؟ اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’میں بھی بڑے پردے پر نظر آنے کے لیے بیتاب ہوں۔ لیکن کوئی دلچسپ رول ملے تو کروں۔ فلموں میں رول کی پیش کش تو ہو رہی ہیں لیکن وہ کردار زیادہ اہم نہیں ہیں۔ میں دو چار منٹ کے لیے کسی فلم میں کام نہیں کرنا چاہتی۔‘

منیشا نے بتایا کہ وہ اپنی حال کی زندگی کا بھرپور لطف اٹھا رہی ہیں۔ وہ جِم جاتی ہیں، ورزش کرتی ہیں، یوگا بھی کرتی ہیں، پینٹنگز کرتی ہیں اور اس کے علاوہ ایک کتاب بھی لکھ رہی ہیں۔