’امیتابھ کو بھارت کا صدر بنایا جانا چاہیے‘

،تصویر کا ذریعہScreen
بالی وڈ میں جہاں ایک جانب تین خان یعنی شاہ رخ، عامر اور سلمان کے تین مختلف سیاسی دھاروں سے قربتوں کی باتیں جاری ہیں وہیں اپنے زمانے کے معروف اداکار شتروگھن سنہا نے امیتابھ بچن کو بھارت کا صدر جمہوریہ بنانے کی وکالت کی ہے۔
اداکار شتروگھن سنہا اپنے بے باکانہ انداز کے لیے معروف ہیں اور امیتابھ بچن سے ان کی مسابقت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، بلکہ دونوں ایک دوسرے کے حریف تصور کیے جاتے ہیں۔
ایک زمانے میں امیتابھ بچن کانگریس کے امیدوار کے طور پر بھارتی پارلیمان میں جا چکے ہیں جبکہ شتروگھن سنہا بی جے پی کے اہم رہنما تسلیم کیے جاتے ہیں اور وہ پٹنہ سے منتخب ہو کر اس وقت رکنِ پارلیمان ہیں۔
شتروگھن سنہا وقتاً فوقتاً امیتابھ بچن پر تنقید کرنے سے نہیں چوکتے، تاہم گذشتہ سے پیوستہ شب ممبئی میں منعقدہ سکرین ایوارڈز کی تقریب میں انھوں نے امیتابھ بچن کو صدرجمہوریہ بنانے کی وکالت تک کر ڈالی۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن کو چار دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے فلم انڈسٹری میں خدمات انجام دینے کے لیے اس تقریب میں’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ انھیں سٹیج پر شتروگھن سنہا نے ہی دیا۔
اس موقعے سے امیتابھ کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’امیتابھ بچن فلم انڈسٹری اور ملک کا افتخار ہیں۔ انھیں ملک کا صدر بننا چاہیے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
امیتابھ بچن اور شتروگھن سنہا نے ’دوستانہ،‘ ’نصیب،‘ ’شان،‘ ’کالا پتھر،‘ ’دوست،‘ ’راستے کا پتھر‘ جیسی متعدد معروف فلموں میں ساتھ کام کیا ہے تاہم دونوں کی پیشہ ورانہ مسابقت ہمیشہ جاری رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کبھی دونوں نے فلم دوستانہ میں ’سلامت رہے دوستانہ ہمارا‘ جیسا گیت ایک ساتھ سٹیج پر ہی گایا تھا اور اب ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ان کا دوستانہ پھر سے شروع ہو رہا ہے۔
ان دونوں میں رشتے یکساں نہیں رہے اور طویل عرصے سے دوریاں قائم ہیں۔ شتروگھن سنہا نے اپنی ناراضگی کا اس وقت کھل کر اظہار کیا تھاجب امیتابھ بچن نے انھیں اپنے بیٹے ابھیشیک کی شادی میں نہیں بلایا تھا۔
دوسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ اسی تقریب کے دوران امیتابھ بچن کی بیگم جیا بچن اور ریکھا کی بھی ملاقات ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے سے بات بھی کی۔
امیتابھ بچن کے لیے اس ہفتے ایک اور خوش آئند بات سامنے آئی ہے کہ ہالی وڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔







